لنڈیکوتل(مانند نیوز ڈیسک)پاک افغان طورخم سرحد پر کارگو گاڑیوں کے افغان ڈرائیورز کے لئے پاسپورٹ کی شرط پر عمل درآمد جاری ہے جبکہ پاسپورٹ نہ رکھنے والے ڈرائیورز کو پاکستان میں داخل ہونے سے روک دیا گیا۔ پاسپورٹ کی شرط پر عملدرآمد کے دوران طورخم بارڈر پر تجارتی سرگرمیاں معطل ر ہیں اور بارڈر کے دونوں اطراف مال بردارگاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔پاکستانی حکام نے افغان ڈرائیورز، مریضوں پر درست ویزہ پاسپورٹ کی شرط عائد کردی، بغیر سفری دستاویزات کسی کو آنے جانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔کارگو گاڑیوں کے ڈرائیورز کے لئے پاسپورٹ ویزا کی شرط پہلے سے عائد تھی، افغان سکیورٹی حکام نے افغان ڈرائیورز کو پاسپورٹ ویزا کی شرط سے استثنیٰ دینے کا مطالبہ کیا ہے۔پاکستانی حکام نے کہا کہ ایک ملک سے دوسرے ملک جانے کے لئے ویزہ سفری دستاویزات ہونا ناگزیر ہے، حکومت پاکستان نے ویزہ پاسپورٹ شرط پر بار بار توسیع اور وقت بھی دیا گیا لیکن افغان حکام اس کو یکطرفہ فیصلہ سمجھ رہے ہیں۔