پشاور(مانند نیوز )سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے شہر بھر میں رکشوں اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ پر ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی کلمات لکھنے کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ کی نگرانی میں مہم کے تحت اب تک ہزاروں رکشوں پر ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کیلئے مختلف قسم کے کلمات درج کردیئے گئے ہیں تاکہ شہریوں میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی پیدا کی جا سکے اور وہ اس پر عملدرآمد کر کے اپنے سفر کو محفوظ بنا سکیں۔ سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے حکام کی طرف سے رکشوں اور دیگر پبلک ٹرانسپورٹ پر بلامعاوضہ ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی کلمات لکھے جارہے ہیں۔ چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ نے کہا ہے کہ شہریوں میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی پیدا کرنے کے لئے شہر کے مختلف علاقوں‘ اڈہ جات‘ تعلیمی اداروں اور دیگر مقامات پر باقاعدہ پروگرامات اور سیمینارز کا اہتمام کیا جاتا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری ٹریفک قوانین بارے آگاہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی دینے کا مقصد صرف یہ ہے کہ حادثات کا تناسب کم سے کم ہو اور شہری محفوظ سفر کر سکیں۔ انہوں نے کہا کہ شہری دوران سفر اوور سپیڈنگ اور موبائل فون پر بات کرنے سے گریز کریں جبکہ موٹر سائیکل سوار سفر کرتے وقت ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ون ویلنگ ایک جان لیوا فعل ہے لہٰذا نوجوان نسل اس سے گریز کریں تاکہ ان کا جانی و مالی نقصان نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو ٹریفک قوانین بارے آگاہی دینے کا سلسلہ جاری رہے گا۔