وانا (مانند نیوز ) جنوبی وزیرستان کے صدر مقام وانا میں جمیعت کے نامزد امیدواروں مولانا جمال الدین محسود اور الحاج نیک محمد وزیر نے انتخابی دفتر کا افتتاح کیا، اس موقع پر جمیعت علماء اسلام جنوبی وزیرستان کے مقامی قائدین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مولانا جمال الدین محسود اور نیک محمد وزیر جب ہی وانا بازار پہنچ گئے تو وہاں پر موجود سینکڑوں کارکنوں نے ان کا پر تپاک استقبال کیا، اور انہیں ایک بڑی ریلی کی شکل میں انتخابی دفتر لایا گیا۔ ریلی کے شرکاء نے جمیعت اور مولانا فضل الرحمان زندہ باد کے زبردست نعرے لگائے اور دونوں امیدواران پر بھاری گل پاشی کی گئی۔ دفتر کے افتتاح کے موقع پر حلقہ این اے 42 کے نامزد امیدوار جمال الدین محسود اور پی کے 110 کے نامزد امیدوار الحاج نیک محمد وزیر نے اپنے اپنے خطاب میں کہا کہ جنوبی وزیرستان کے لوگوں علماء کرام کی بہت قدر کرتے ہیں اور انہوں نے ہر بار جمیعت کے نمائندوں کو اسمبلیوں تک پہنچا دیا۔ انہوں نے کہا کہ قومیت پر سیاست کرنے والے ملک اور اسلام کے دشمن ہیں جو لوگ قومیت کے نام پر سیاست کرتے ہیں وہ ملک کی کوئی خدمت نہیں کررہے ، بلکہ وہ الٹا قوم کو تقسیم کرکے ترقی کا پہیہ روک دیتے ہیں۔ اسلام میں سب مسلمان بھائی بھائی ہیں اور ہم جنوبی وزیرستان کے غیور عوام سے یہ توقع رکھتے ہیں کہ آنے والے الیکشن میں ایسے لوگوں کو مسترد کردیں گے، جو معاشرے میں تفریق پیدا کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ مجمع سے سابق ایم این اے مولانا عبد المالک وزیر نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ میں نے اپنے دورِ اقتدار میں اپنے علاقے کی خدمت میں کسی قسم کی کسر نہیں چھوڑی ہے اپنے حلقہ کے تمام طبقات میں اپنی بساط کے مطابق ترقیاتی منصوبوں شروع کیے تھے جن سے آج کل بھی لوگ استفادہ کررہے ہیں۔ جمیعت علماء اسلام جنوبی وزیرستان کے مقامی رہنماؤں نے حکومت سے انگوراڈا کی عوام کے مطالبات تسلیم کرنے کا پُرزور مطالبہ کیا۔