اسلام آباد(مانند نیوز ڈیسک)سیکیورٹی خدشات کی بنا پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی 4 بڑی یونیورسٹیاں غیرمعینہ مدت تک کے لیے بند کردی گئی ہیں۔ بند کی گئی یونیورسٹیز میں ایئر یونیورسٹی، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، بحریہ یونیورسٹی اور قائد اعظم یونیورسٹی شامل ہیں۔ ایئر یونیورسٹی انتظامیہ کی جانب سے طلبہ کو جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ائیر یونیورسٹی میں پیر کو ہونے والا پیپر کینسل کر دیا گیا ہے۔ دریں اثنا شہری انتظامیہ کی جانب سے وفاقی دارالحکومت کی سیکیورٹی کو بھی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے۔یونیورسٹی انتظامیہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ یونیورسٹیز کی غیر معینہ مدت تک بندش سے متعلق طلبہ کو رات گئے مطلع کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ اسلام آباد میں انتخابات اور پریس کلب پر دھرنوں کے باعث سیکیورٹی پہلے ہی سخت ہے۔ رات گئے اسلام آباد کے نواحی علاقوں میں سیکیورٹی اداروں نے سرچ آپریشن بھی کیا۔ایک نجی ٹی وی کے مطابق ذرائع کا بتانا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے تھریٹ الرٹ جاری کیا گیا ہے، حملے کے لئے خاتون خود کش بمبار کا استعمال کیا جاسکتا ہے۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کی متعدد یونیورسٹیاں اور سکول بند کر دئیے گئے، حملے 22 سے 24 جنوری کے دوران کیے جاسکتے ہیں۔ دوسری جانب اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی انتظامات سخت ہیں، انتخابی ریلیوں، جلوسوں میں احتیاط کی ضرورت ہے، پولیس اپنی طرف سے تمام اقدامات کر رہی ہے۔