اورکزئی(مانند نیوز)ضلعی پولیس سربراہ اورکزئی صلاح الدین کنڈی کے زیر صدارت میٹنگ میں کرائم، نارکوٹکس کی ریکوری، تمام تھانہ جات کی کارکردگی،جرائم کی سرکوبی اور جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کارلاکر ملزمان کی گرفتاری کو یقینی بنانے اور عدالت سے سزا دلوانے کے احکامات،جبکہ پولیس آفسران کو اپنے پیشہ ورانہ امور خوش اسلوبی اور ایمانداری سے سرانجام دینے اور عوام الناس کے ساتھ اچھا برتاؤ رکھنے اور پہلے سلام پھر کلام کی پالیسی پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دیئے گئے۔تفصیلات کے مطابق ضلعی پولیس سربراہ اورکزئی صلاح الدین کنڈی کی سربراہی میں میٹنگ کا انعقاد ڈی پی او آفس میں کیا گیا۔میٹنگ میں ڈی ایس پیز صاحبان، تھانہ جات کے ایس ایچ اوز و OIIs صاحبان نے شرکت کی۔میٹنگ کے دوران کرائم کا تفصیلی جائزہ لیکر پولیس افسران کو آپریشن اور انوسٹی گیشن میں جدید ٹیکنالوجی کو صیح طریقے سے بروئے کار لاکر ملزمان کی گرفتاری یقینی بنانے اور موجود شواہد کو عدالت میں بروقت پیش کرکے ملزمان کو سزائیں دلوانے کے احکامات جاری کئے گئے۔قتل اور اقدام قتل کے محرکات کے حوالے سے ضلعی پولیس سربراہ نے تمام شرکاء میٹنگ کو خصوصی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حالات میں معمولی نوعیت کے تنازعات کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرائیں۔دونوں فریقین سے زیادہ سے زیادہ انسدادی کاروائیاں عمل میں DRC، علاقہ مشران یا علماء کرام کے ذریعے تنازعات حل کرانے کی کوشش کریں۔ضلعی پولیس سربراہ اورکزئی نے مزید کہا کہ ضلع بھر میں روزانہ کی بنیاد پر جاری سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشنز میں زیادہ سے زیادہ گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں۔علاقے میں بہترین پولیسنگ اور انفارمیشن کیساتھ ساتھ عوامی تعاون حاصل کرنے کیلئے مشران علاقہ اور علماء کیساتھ بہترین کوارڈینیشن یقینی بنائیں۔ تھانہ جات و چوکیات میں عوام کو سہولیات فراہم کرکے عوام میں پولیس کا امیچ بہتر کرنے کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔جس کے بعد ضلعی پولیس سربراہ صلاح الدین کنڈی نے تمام تھانہ جات کی کارکردگی کا فرد فرد بغور جائزہ لیا اور تمام ایس ایچ اوز کو اپنی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنانے پر زور دیا۔ضلعی پولیس سربراہ نے تمام ایس ایچ اوز کو کرائم کی شرح پر ہر صورت قابو پانے اور ملزمان کو ٹریس کرنے اور ان کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی۔ضلعی پولیس سربراہ نے تمام ایس ایچ اوز کو سختی سے حکم دیا کہ مجرمان اشتہاریوں، منشیات کا خاتمہ و منشیات فروشوں کی گرفتاری،افیون کی فصل کی تلفی اور غیر قانونی اسلحہ کی ریکوری کو یقینی بنانے اور روزانہ کی بنیاد پر پراگرس رپورٹ دیں۔ تاکہ علاقہ میں امن و امان کی فضا برقرار رہے۔ پرانے مجرمان اشتہاریوں کی گرفتاری کے لیے تھانہ کی سطح پر ٹیمیں تشکیل دے کر ان مجرمان کی گرفتاری کو یقینی بنایا جائے۔علاقے کو منشیات سے پاک کرنے میں اپنا کردار ادا کریں اور منشیات فروشوں کی گرفتاری کو یقینی بنائے تاکہ نوجوان نسل محفوظ ہاتھوں میں پروان چڑھے۔جبکہ تفتیشی اسٹاف کو ملزمان کو بہترین تفتیشی طریقہ کار کے ساتھ سائنسی و تکنیکی مہارت کو بروئے کار لاتے ہوئے ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کی ہدایت کی۔ضلعی پولیس سربراہ نے تھانہ جات میں آنے والے سائلین کو خوش اخلاقی سے پیش آنے سمیت ہر ممکن قانونی معاونت فراہم کرنے اور لوگوں کے مسائل کے حل کرنے پر زور دیا۔