راولپنڈی(مانند نیوز ڈیسک)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کرنے دی جارہی،بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کرنی ہے، ہمارے لوگوں کو لالچ دے کر وفاق اور پنجاب میں حکومت بنائی جارہی ہے، الیکشن میں قوم کے ساتھ بہت بڑا کھلواڑ ہوا، ملک میں قانون کی حکمرانی، آئین کی بالا دستی چاہتے ہیں۔سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر راولپنڈی اڈیالہ جیل پہنچے جہاں انہیں سابق چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں ملی۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما اسد قیصرنے کہا کہ میں ملاقات کے لیے آیا ہوں ابھی تک اجازت نہیں دی، اسلام آباد ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود ملاقات کرنے نہیں دی جارہی، اگر بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہ ملی تو دوبارہ عدالت جاؤں گا، اس وقت جو کچھ ہورہا ہے ہم نے بانی پی ٹی آئی سے مشاورت کرنی ہے، بہت بڑی پیش رفت ہو رہی ہے۔اسد قیصر کا مزید کہنا تھا کہ گزشتہ روز بھی عدالت کی اجازت کے ساتھ آیا تھا لیکن ملاقات نہیں ہونے دی، عدالتی حکم کے باوجود ہمیں اندر جانے کی اجازت نہیں دے رہے، جیل عملہ کے اس رویے کی مذمت کرتے ہیں۔ اسد قیصر کا مزید کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی ایک پاپولر لیڈر ہے، پاکستانی عوام نے بانی پی ٹی آئی کو بہت بڑا مینڈیٹ دیا ہے۔ لیکن ہمارے لوگوں کو لالچ دے کر وفاق اور پنجاب میں حکومت بنائی جا رہی ہے۔ یہ بند کمروں میں فیصلے نہیں ہوسکتے ہیں۔ اس حوالے سے ہم پورا کیس تیار کررہے ہیں۔ انہوں نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت اگر شہریوں کے حقوق کے لیے سپریم کورٹ کھڑا نہیں ہوگا تو بہت برا ہوگا، یہ ٹائم ہے ایکشن لیا جائے اور کمشنر نے جو الزامات لگائے ہیں اس کی تحقیقات ہوں، ہم چاہتے ہیں ملک میں امن ہو اور توقع کرتے ہیں کہ بیرونی دنیا نہیں بلکہ عدالت اس پر ایکشن لے۔ پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں جو آئین شکنی ہورہی ہے اس کا پوری طرح سے نوٹس لیا جائے، بیرونی دنیا نہیں بلکہ عدالت اس پر ایکشن لے۔ اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ہمارے مختلف الائنس ہونے جارہے ہیں، بذات خود بلوچستان اور سندھ جاؤں گا، تحریک لبیک سے بھی ملاقات کروں گا۔ یہ فیصلے بند کمروں میں نہیں ہوسکتے۔ ہم چاہتے ہیں ملک میں امن امان کی صورت حال قائم ہو۔ اسد قیصر کا کہنا تھا کہ نئی حکومت کی کیا ساکھ ہوگی؟کون اسے عزت دے گا، ہمارے لوگوں کو لالچ دیکر اپنے ساتھ ملا کر پنجاب حکومت بنائی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں قوم کے ساتھ بہت بڑا کھلواڑ ہوا، ملک میں قانون کی حکمرانی، آئین کی بالا دستی چاہتے ہیں، عوام کا حق ہے اپنی قیادت چنے۔