اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک)اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے احتجاج اور توڑ پھوڑ کے مقدمہ میں بانی پاکستان تحریک انصاف، سینیٹر فیصل جاوید،سابق وفاقی وزیر اسد عمر اور دیگر کو بری کردیا۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد کے جوڈیشل مجسٹریٹ محمد شبیر نے احتجاج اور توڑ پھوڑ کے مقدمے کی سماعت کی، دوران سماعت وکلا میں آمنہ علی، سردار مصروف خان اور محسن غفار عدالت میں پیش ہوئے۔عدالت نے بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر ملزمان کی بریت کی درخواستیں منظور کرنے کا فیصلہ جاری کردیا ہے جس کے مطابق بانی پی ٹی آئی، اسدعمر، فیصل جاوید اور دیگر کو مقدمہ سے بری کر دیا گیا۔عدالت کی جانب سے جاری فیصلے میں کہا گیا کہ ملزمان کی جانب سے 249-A کے تحت الگ الگ بریت کی درخواستیں دائرکی گئیں، مقدمہ میں ملزمان کو سزا نہیں سنائی جاسکتی اس لئے مزید ٹرائل چلانا وقت کا ضیاع ہے۔فیصلے کے مطابق بانی پی ٹی آئی، اسدعمر، راجہ خرم شہزاد نواز، علی نواز اعوان، فیصل جاوید، عابد حسین اور ظہیرخان کی بریت کی درخواستیں منظورکر لی گئیں۔فیصلے میں مزید کہا گیا کہ ملزمان اسد عمر، علی نواز اعوان اور فیصل جاوید ضمانت پر ہیں وہ مچلکے واپس لے سکتے ہیں۔واضح رہے کہ ملزمان پر 26مئی2022کو تھانہ ترنول میں مقدمہ درج کیاگیاتھا۔