لاہور(مانند نیوز ڈیسک)چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو عہدے سے ہٹانے کیلئے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کر دی گئی۔چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو عہدے سے ہٹانے کے لئے درخواست مقامی شہری مشکور حسین نے ندیم سرور ایڈووکیٹ کے ذریعے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی۔درخواست میں صادق سنجرانی اور الیکشن کمیشن سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا کہ صادق سنجرانی نے بلوچستان کی صوبائی اسمبلی کی نشست پر الیکشن لڑا، انہوں نے الیکشن جیتا، الیکشن کمیشن نے کامیابی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا، صادق سنجرانی بیک وقت 2 سیٹیں نہیں رکھ سکتے، وہ غیر قانونی طور پر چیئرمین سینیٹ کے طور پر کام کر رہے ہیں۔درخواست میں عدالت سے استدعا کی گئی کہ الیکشن کمیشن صادق سنجرانی کی بطور سینیٹر نشست خالی قرار دینے کا حکم دے، لاہور ہائیکورٹ صادق سنجرانی کو بطور چیئرمین سینیٹ کام کرنے سے بھی روکے۔