اسلام آباد(مانند نیوز ڈیسک) اسلام آباد ہائیکورٹ نے انتخابات کے بعد 14دنوں میں فارم 45اور 47ویب سائٹ پر اپلوڈ نہ کرنے پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب کر لیا۔ بدھ کو انتخابات کے بعد 14 دنوں میں فارم 45 اور 47 ویب سائٹ پر اپلوڈ نہ کرنے پر الیکشن کمیشن کے خلاف ایم ڈبلیو ایم کی درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت ہوئی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو نوٹسز جاری کرکے جواب طلب کرلیا۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کیس کی سماعت کی متحدہ وحدت المسلمین کی جانب سے وکیل ایمان زینب مزاری عدالت میں پیش ہوئیں۔ درخواست گزار و سربراہ ایم ڈبلیو ایم راجہ علامہ ناصر عباس بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ ایمان مزاری ایڈووکیٹ نے موقف اپنایا کہ الیکشن ایکٹ کے مطابق 14 دنوں میں انتخابی نتائج کے فارمز ویب سائٹ پر اپلوڈ کرنے ہوتے ہیں، الیکشن ایکٹ 2017کے مطابق صرف فارمز نہیں بلکہ تمام متعلقہ دستاویزات کو اپلوڈ کرنا ہوتا ہے۔8 فروری کو انتخابات ہونے مگر ابھی تک متعلقہ دستاویزات اپلوڈ نہیں کئے گئے،الیکشن کمیشن نے گزشتہ روز کسی حد تک فارم 45 اپلوڈ کئے اور پھر ہٹا دئیے۔بعد ازاں عدالت نے الیکشن کمیشن کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے آئندہ ہفتے سماعت تک جواب طلب کر لیا۔