پشاور( مانند نیوز)غیر سر کاری تنظیم ساتھ سب کا ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن مردان کے بانی ڈاکٹر ایمل مہمند نے کہا ہے کہ سماجی خدمت ہی اصل میں انسانیت کی بقا کا راستہ ہے،فلاح انسانیت کا درس ہمیں نبی کریمﷺ نے دیا ہے بطور مسلمان ہم پر فرض ہے کہ انسانی خدمت کی خدمت کریں بلا تفریق خدمت ہی عظمت ہے،غریب لاچار اور مفلس افراد کو ضروریات زند گی کی اشیاء فراہم کرنا ہمارا فرض ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے رمضان راشن پیکج کی تقسیم کے حوالے سے بات چیت کرتے ہو ئے کیا،انہوں نے کہا کہ ساتھ سب کا ڈویلپمنٹ آرگنائزیشن نے ابتدا سے لیکر اب تک ہزاروں مستحقین کی مالی مدد،علاج معالجہ اور سینکڑوں لوگوں کو انکے گھروں پر روزگار مہیا کیا ہے اور انشا اللہ یہ سلسلہ جاری رہیگا،رمضان راشن پیکج منصفانہ انداز میں تقسیم کرنے کا پلان بنایا گیا ہے جس کے لئے کمیٹیاں بنائی گئی ہیں جو غریب و مستحق افراد کی فہرست مرتب کرکے انہیں راشن فراہم کی جائیگی،ڈاکٹر ایمل مہمند نے کہا کہ فلاحی کام کرنے سے وقار بلند اور عزت نفس میں اضافہ ہوتا ہے۔ کسی مستحق فرد کی مدد کرنے سے دلی سکون ملتا ہے۔ یہ کام صدقہ جاریہ اور غریب و نادار افراد کی دعاؤں کا وسیلہ ہوتے ہیں۔ ذہنی صلاحیتوں میں بھی اضافہ ہوتا ہے، کسی بھی قسم کے ذہنی دباؤ کا شکار نہیں ہوتے۔انہوں نے کہا کہ ماہ صیام رحمتوں برکتوں عبادتوں اور بخششوں کا مہینہ ہے اس ماہ میں نبی پاکؐ کی امت کے مخیر حضرات نادار لوگوں کی دل کھول کر مدد امداد کریں مخیر حضرات مستحق خاندانوں میں ریلیف پیکج اپنے ہاتھوں سے تقسیم کریں یتیموں بیواؤں اور ناداروں کی مدد سے ہی دنیا و آخرت سنورے گی۔