اسلام آباد (مانند نیوز ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی حکومت کے اخراجات کو کم کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی۔نجی ٹی وی کے مطابق کابینہ ڈویژن نے کمیٹی کی تشکیل کا باظابطہ طور پر نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے، نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ کمیٹی 7رکنی ممبران پر مشتمل ہو گی اور سرکاری اخراجات میں کمی لانے کے لیے عملی منصوبہ پیش کرے گی، کمیٹی اپنی رپورٹ ایک ہفتہ کے اندر وزیراعظم کے سامنے پیش کرے گی۔اس میں مزید کہا گیا کہ کمیٹی کے چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن کے ہوں گے تاہم کمیٹی ممبران میں سیکرٹری کابینہ ڈویژن، سیکرٹری فنانس ڈویژن، سیکرٹری راشد محمود لنگڑیال بھی شامل ہیں۔نوٹیفکیشن کے مطابق ڈاکٹر قیصر بنگالی، ڈاکٹر فرخ سلیم، ڈاکٹر محمد نوید افتخار بھی کمیٹی کے ممبران ہوں گے، کمیٹی اخراجات میں کمی لانے کے لیے ٹرمز آف ریفرنس (ٹی آر اوز)طے کرے گی اور فنانس ڈویژن کی قومی کفایت شعاری رپورٹ کا جائزہ لے گی۔اس میں مزید بتایا گیا ہے کہ کمیٹی کا مقصد ادارہ جاتی اصلاحات اور وفاقی حکومت کا حجم کم کرنا ہوگا، کمیٹی حکمت عملی طے کرکے عملدر آمد کا منصوبہ بنائے گی،کمیٹی اخراجات کو کم کرنے کے لیے پینشن اسکیم، پی ایس ڈی پی یا دوسری تجاویز بھی دے گی۔جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی ضرورت پڑنے پر سرکاری یا نجی شعبے کے کسی بھی شخص کی مدد لے سکے گی۔