پشاور(مانند نیوز) ڈائریکٹر ایل آر ایچ ہسپتال ڈاکٹر محمد ابرار خان نے منگل کے روز کار ڈ کاؤنٹر کا دورہ کیا اور عملے اور ایل آر ایچ کے داخلہ کاؤنٹر پر ملازمین کو خاص ہدایات جاری کیں، ہسپتال ترجمان محمد عاصم کے مطابق ایل آر ایچ میں صحت کارڈ پر مفت علاج شروع ہو چکا ہے اور اس وقت تقریباً 1200 مریضوں کو صحت کارڈ پر مفت علاج فراہم کیا جا رہا ہے اس سلسلے میں ہسپتال ڈائریکٹر ڈاکٹر محمد ابرار خان نے ایک اجلاس کا بھی انعقاد کیا جس میں تمام متعلقہ ڈیپارٹمنٹس اور صحت کارڈ کا عملہ شریک ہوا۔ ڈاکٹر محمد ابرار خان نے اس موقع پر انپیشنٹ ڈیپارٹمنٹ کو ہدایت کی کہ ہر مریض کو صحت کارڈ پر ہی داخل کیا جائے اور اس سلسلے میں وہ خود صحت کارڈ کاؤنٹر گئے اور مریضوں سے ملاقات کی۔ ترجمان کے مطابق مریضوں نے ایل آر ایچ انتظامیہ کی طرف سے تعاون کو سراہا اور کہا کہ صحت کارڈ پر داخلے اور علاج میں کوئی رکاوٹ نہیں ہے۔ صحت کارڈ پر علاج شروع کرنے کے لیے پختونخوا حکومت نے ضروری فنڈز کی فراہمی کا وعدہ کیا ہے۔ جس کے بعد صوبے کے سب سے بڑے ہسپتال میں مریض مفت علاج کی سہولیات سے مستفید ہونا شروع ہو گئے ہیں۔