کوہاٹ (مانند نیوز)کمشنر کوہاٹ ڈویژن محمد عابد خان وزیر نے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کوہاٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ نے ہسپتال کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے ایمرجنسی وارڈ، او۔ پی۔ڈی، لیبارٹری، فارمیسی، ایکس رے، الٹراساونڈ اور دیگر وارڈز کا دورہ کرکے تمام انتظامات کا جائزہ لیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے مریضوں کی عیادت بھی کی۔ اس موقع پر کمشنر کوہاٹ کا کہنا تھا کہ مریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی ہسپتال کے تمام عملے کی اولین ذمہ داری ہے جبکہ انسانیت کے ناطے مریضوں کے ساتھ آنے والے تیمارداروں اور دیکھ بھال کرنے والوں کا خاص خیال رکھنا اور ان کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنا بھی ان کے اہم ذمہ داریوں میں سے ہے۔ کمشنر کوہاٹ ڈویژن نے متعلقہ حکام کو صفائی کی صورتحال کو مزید بہتر کرنے اور عوام کو علاج و معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات دیں۔