پشاور( مانند نیوز)یوم پاکستان کے حوالے سے دی ایجوکیٹرز سکول النور کیمپس بغدادہ مردان میں خصوصی پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ریڈیو براڈکاسٹر ایسوسی ایشن مردان ریجن کے جنرل سیکرٹری اجمل شاہ یوسفزئی نے پروگرام میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن سے کیا گیا، سکولز کے طلبہ و طالبات نے پروگرام میں ملی نغمے، تقاریر، ٹیبلو پیش کیے۔اجمل شاہ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے 23 مارچ کی اہمیت اور ملک کی سالمیت کے حوالے سے تاریخی پس منظر دور حاضر کی چیلنجز کے حوالے سے کہا کہ قرار داد پاکستان نے مسلمانوں کو الگ وطن کی منزل کا شعور دیا اور بحثیت قوم ہمیں ایک الگ شناخت دی۔انہوں نے کہا کہ قراداد پاکستان کے ذریعے مسلمانوں کو انکے الگ وطن کی نوید سنائی گئی اس وطن کو حاصل کرنے کیلئے ہمارے بزرگوں نے لازوال قربانیاں دیں تاکہ ہم آزاد فضا میں سانس لے سکیں۔ انہوں نے طلبہ و طالبات اور نوجوانوں کو نظریہ پاکستان اورملک و قوم کی ترقی کے لیے کام کرنے کا درس دیا۔ انہوں نے قائد کے فرمان کے مطابق ملک کی ترقی کے لیے کام اور صرف کام پر سیر حاصل بحث کی اور اس بات پر زور دیا کہ عالم اقوام میں ترقی اور ملک و قوم کا سر اونچا رکھنے کے لیے جہد مسلسل کی اشد ضرورت ہے۔