پشاور(مانند نیوز) تنظیم تاجران خیبر پختونخوا صدر ملک مہر الٰہی کے ہمراہ ترجمان شہزاد احمد صدیقی،قصہ خوانی بازار چیرمین ملک جاوید،پشاور چیمبر ایگزیکٹیو ممبر علی جہانگیر، خواجہ شبیر اور دیگر نے کمشنر پشاور ریاض محسود سے ملاقات کی۔ کمشنر پشاور ریاض محسود کی زیر صدارت اجلاس میں مئیر پشاور حاجی زبیر علی نے تاجروں کے اس مسلئے کو حل کرنے کے لئے ذاتی دلچسپی لیتے ہوئے خصوصی شرکت کی۔ منعقدہ اجلاس میں اپ لفٹ پروگرام کے تحت قصہ خوانی بازار کی تزہین وآرائش کے سلسلے میں بازار کی ٹریفک کو دونوں اطراف سے بند کرنے پر تاجروں کے کاروبار کو نقصان ہو رہا تھا آگاہ کیا اور عیدالفطر تک اس کام کو موخر کرنے اور بازار کو ہر قسم کی ٹریفک اور آمدورفت کے لئے کھولنے کا مطالبہ کیا۔ مئیر پشاور حاجی زبیر علی نے تاجروں کے اس موقف کی مکمل حمایت کی۔ کمشنر پشاور ریاض محسود نے بھی اس مطالبے کو جائز کرار دیتے ہوئے باضابطہ طور پر قصہ خوانی بازار کے تاجروں کے اپیل کو قبول کرتے ہوئے اس منصوبے کو عید الفطر تک موخر کرنے اور ٹریفک کھولنے کے احکامات جاری کئے۔ اجلاس میں قصہ خوانی اپ لفٹ پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے تاجروں کی مشاورت سے کام کرنے پر اتفاق ہوا۔ قصہ خوانی بازار اور منسلک دیگر بازاروں کے تاجروں نے ٹریفک کو بحال کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کمشنر پشاور ریاض محسود اورمئیر پشاور حاجی زبیر علی کا شکریہ ادا کیا۔