پشاور(مانند نیوز) سٹی ٹریفک پولیس پشاور نے گزشتہ ہفتے کے دوران تجاوزات مافیا کیخلاف کارروائیوں میں 492 افراد جبکہ نو پارکنگ زون کی خلاف ورزیوں پر 1800 موٹر سائیکل مالکان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی ہے۔ تفصیلات کے مطابق آئی جی پولیس اختر حیات خان کے وژن کے مطابق چیف ٹریفک آفیسر سعود خان کی نگرانی میں سٹی ٹریفک پولیس پشاور کی جانب سے تجاوزات مافیا کو رضا کارانہ طور پر تجاوزات ختم کرنے اور نو پارکنگ زون کی خلاف ورزی نہ کرنے بارے آگاہی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ اس سلسلے میں خلاف ورزی کرنیوالوں کے خلاف شہر کے تمام سیکٹروں میں کارروائیاں کی گئی ہیں جس کے تحت تجاوزات قائم کرنے پر 492 افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے اسی طرح کینٹ سیکٹر میں بلور پلازے کے سامنے‘ خوشحال بازار’ سرکی گیٹ اور نمک منڈی میں نو پارکنگ زون میں موٹر سائیکلیں کھڑی کرنے پر 1800 موٹر سائیکل مالکان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ چیف ٹریفک آفیسر قمر سعود خان نے کہا ہے کہ سٹی ٹریفک پولیس پشاور قانونی تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے تجاوزات مافیا کو پہلے نوٹسز جاری کرتی ہے جبکہ اس کے بعد آپریشن کرکے تجاوزات قائم کرنے کے مرتکب افراد کو گرفتار کیا جاتا ہے. چیف ٹریفک آفیسر سعود خان نے مزید کہا کہ تجاوزات قائم کرنے کے مرتکب افراد کے خلاف سخت سے سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائیگی اور کسی کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائیگی۔انہوں نے کہا کہ شہری نو پارکنگ زون کی خلاف ورزی نہ کریں جس سے ٹریفک نظام میں خلل سمیت شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ مرتکب افراد کسی رعایت کے مستحق نہیں ہیں۔ انہوں نے ٹریفک حکام کو ہدایت کی کہ وہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنیوالوں کیخلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائیں۔