ریاض(مانند نیوز ڈیسک) امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن غزہ کی صورتحال پر عرب ممالک کے رہنماؤں سے ملاقات کے لیے سعودی عرب کے دورے پر ریاض پہنچ گئے۔ غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن قطر، مصر، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور اردن کے ہم منصبوں سے ملاقات کریں گے۔ امریکی وزارت خارجہ کے ایک سینئر اہلکار کے بقول ان ملاقاتوں میں اسرائیل حماس جنگ ختم ہونے کے بعد غزہ میں نئی حکومت کے قیام سمیت دیگر مسائل پر بات چیت کی جائے گی۔ اعلی امریکی سفارتکار نے مزید بتایا کہ انٹونی بلنکن اس ہفتے کے آخر میں اسرائیل جائیں گے اور وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو پر سنگین انسانی صورت حال کو بہتر بنانے کے لیے دباؤ ڈالیں گے۔ مشرق وسطی کی صورت حال پر عرب ممالک اور یورپی ممالک کو ایک جگہ جمع کریں گے تاکہ غزہ میں تباہ عمارتوں اور انفرا اسٹریکچر کی تعمیر نو میں مدد کی جا سکے۔ یاد رہے کہ غزہ میں حماس کی حکومت کو ختم کرکے نئی حکومت کے قیام کے بیشتر آپشنز پر کئی مہینوں سے بات چیت جاری ہے تاہم اب تک کسی ایک پر اتفاق نہیں کیا جا سکا ہے۔ دوسری جانب حماس نے کسی بھی غیر جمہوری کو ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ غزہ کے عوام کسی پیرا شوٹ حکومت کو قبول نہیں کریں گے۔ حماس بھی صرف عوام کا فیصلہ تسلیم کرے گی۔