کوہاٹ (مانند نیوز )غیر سرکاری تنظیموں (این جی اوز) کی کارکردگی اور ان کے تحت جاری منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے سے رکن قومی اسمبلی شہریار خان آفریدی کی زیرصدارت ڈپٹی کمشنر آفس کوہاٹ کے کانفرنس روم میں جائزہ اجلاس منعقدہوا جس میں اراکین خیبرپختونخوا اسمبلی داؤد شاہ آفریدی،شفیع جان،ڈپٹی کمشنر کوہاٹ ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرفنانس، ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر،ایڈ منسٹریٹر افغان مہاجرین اور مختلف این جی اوز کے نمائندوں نے شرکت کی۔ این جی اوز کے نمائندوں نے اپنے تنظیموں کے کام، دائرہ کار اورتشکیل دیئے جانے والے منصوبوں اورپروگراموں کے بارے میں تفصیلاًبتایا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا کہ غیرسرکاری تنظیمیں حکومت کی معاونت کریں اوراس کے ساتھ مل کر مختلف شعبوں میں مفاد عامہ کے منصوبے منصفانہ انداز میں تشکیل دیں۔ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے تمام این جی اوز کو اپنے منصوبوں کی ماہانہ تفصیلی رپورٹ تیار کرکے ان کے دفتر میں جمع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہاکہ فلاحی منصوبے تشکیل دیتے وقت ایسے علاقوں کو ترجیح دیں جہاں کے لوگ مستحق ہوں اور وہ زیادہ پسماندگی کا شکار ہوں تاکہ ان کے معیار زندگی میں بہتری لائی جاسکے۔انہوں نے زوردے کرکہا کہ انصاف کے تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے عوام کے مسائل بہتر انداز میں حل کئے جائیں اورانہیں ہرممکن سہولیات فراہم کی جائیں۔