پشاور(مانند نیوز)خیبرپختونخوا کے وزیر مال نذیر احمد عباسی نے کہا ہے کہ محکمہ مال میں شفافیت و میرٹ کو ترجیح دی جائی جبکہ احتساب کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار محکمہ مال کے محکمانہ امور کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے دوران کیا۔اجلاس میں سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اکرام اللہ خان سمیت متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر مال نذیر احمد عباسی کو مختلف محکمانہ امور اور مجوزہ پوسٹنگ و ٹرانسفر پالیسی کے بارے میں تفصیلی بریفننگ دی گئی۔ پوسٹنگ و ٹرانسفر پالیسی کے خدوخال، پس منظر و چیدہ چیدہ نکات پر تفصیلی طور پر آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ پالیسی سے محکمے میں شفافیت اور سروس ڈیلیوری میں بہتری آئی گی جبکہ پالیسی کے نفاذ سے محکمے میں نمایاں تبدیلی بھی نظر آئے گی۔صوبائی وزیر مال نذیر احمد عباسی نے محکمے میں شفافیت کے لئے اٹھائے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے اس میں مزید بہتری کیلئے ہدایت کی۔ صوبائی وزیر مال نذیر احمد عباسی کا مزید کہنا تھا کہ بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق محکمے میں صرف میرٹ پر فیصلے ہونگے اور ہر قسم کے سفارشی عمل کی حوصلہ شکنی کی جائے گی-