کوہاٹ (مانند نیوز)رکن قومی اسمبلی شہریارخان آفریدی نے واپڈا حکام کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ کوہاٹ میں جاری غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کا مسئلہ فوری طور پر حل کریں کیونکہ بحیثیت منتخب نمائندگان ان پر عوام کا بہت زیادہ دباؤ ہے۔یہ ہدایات انہوں نے منگل کے روز کمشنر ہاؤس کوہاٹ میں ضلع میں غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اور لائن لاسسز سمیت ٹرانسفارمرز اپ گریڈیشن کے حوالے سے واپڈا حکام کے ساتھ منعقدہ خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔اجلاس میں رکن خیبر پختونخوا اسمبلی داؤد شاہ آفریدی ایڈوکیٹ، کمشنر کوہاٹ ڈویژن محمد عابدخان وزیر، مئیر گمبٹ ساجد اقبال، واپڈا اور پیسکو کے متعلقہ حکام اور عمائدین علاقہ نے شرکت کی۔اجلاس میں بجلی خصوصاً لوڈشیڈنگ اورٹرانسفارمرز اپ گریڈیشن سے متعلق مسائل تفصیلاً زیر غور آئے۔شہریارآفریدی ایم این اے اور داؤد شاہ ایم پی اے نے واپڈا حکام پر واضح کیا کہ واپڈا سے متعلق تمام مسائل کا جلد از جلد خاتمہ کرکے کوہاٹ کے عوام کو ریلیف دیں۔ انہوں نے کہا کہ غیر اعلانیہ طویل لوڈشیڈنگ کسی صورت قابل قبول نہیں لہٰذا اس کا دیرپا حل نکالا جائے کیونکہ اس سے امن و امان کے مسائل بھی پیدا ہو سکتے ہیں۔