کرک (مانند نیوز)ضلع کرک میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ اور بجلی چوری سمیت دیگر مسائل سے موثر طور پر نمٹنے کیلئے خیبرپختونخوا کے وزیر زراعت محمد سجاد بارکوال نے ڈپٹی کمشنر کرک مجیب الرحمن سے ان کے دفتر اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں رکن خیبر پختونخوا اسمبلی خورشید خٹک، پیسکو، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے نمائندوں اور کمیونٹی لیڈرز نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں کھنڈا کلچر اور بجلی کے واجبات کی وصولی سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ بجلی کی چوری نہ صرف حکومت کی آمدنی کو متاثر کرتی ہے بلکہ اس سے کمیونٹی کیلئے بھی مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ اجلاس میں باہمی مشاورت سے پہلے مرحلے میں چوکارہ اور سورڈاگ کے 2 فیڈرز پر کل سے لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ کم سے کم رکھا جائے گا اور ٹیمیں تشکیل دی گئیں جو کہ مقامی باشندوں /کمیٹی کے ہمراہ غیر قانونی ڈائریکٹ کھنڈا کنکشنز کی نشاندہی اور ہٹانے کے ساتھ ساتھ نادہندگان سے بقایاجات کی وصولی کیلئے باہمی تعاون سے کام کریں گی۔ اجلاس میں تیار کی گئی حکمت عملی کو عملی جامہ پہنانے کیلئے کل پیر سے بھرپور آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا گیا۔اس آپریشن میں کرک میں بجلی چوری کے مسئلے کو مؤثر طریقے سے حل کرنے کیلئے مختلف ٹیموں کی مربوط کوششیں شامل ہوں گی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اگر مذکورہ بالا فیڈررز پر کنکشن ہولڈرز بلز کی ادائیگی یقینی بنائیں گے تو ان فیڈررز پر لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ اسی طرح کم رکھا جائے گا بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ ڈپٹی کمشنر کرک نے امن و امان کو فروغ دینے، بجلی کے وسائل کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانے اور علاقے میں قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے تعاون کی اپیل کی۔