درآدم خیل (مانند نیوز)ملک کی دیگر حصوں کی طرح ضلع کوہاٹ کے تحصیل درہ آدم خیل میں بھی ” یوم تکبیر” کے سلسلہ میں گورنمنٹ ہائی سکول شیراکی میں پروگرام منعقد ہوا جس میں اساتذہ، طلبہ اورپیرنٹس ٹیچرز کونسل کے ممبران نے شرکت کی۔طلبہ نے اس دن کی مناسبت سے مختلف پروگرامز پیش کئے جس میں تقاریر اور ملی نغمے کے علاوہ واک کا اہتمام بھی کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل محمد یاسین نے کہا کہ قوموں کی زندگی میں ایسے لمحات ضرور آتے ہیں جب ایک صحیح فیصلہ اسکی تقدیر بدل کر رکھ دیتا ہے ایسا ہی وقت پاکستان کی تاریخ میں 28مئی1998کو آیا۔جب صحیح اور بر وقت فیصلہ نے ایک ایسا معجزہ کر دیکھایا کہ دنیا ششدر رہ گئی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ کا یہ معجزہ 1998میں ہوا جب ایسی قوم جس میں نہ تعلیم عام تھی اور نہ ہی ٹیکنالوجی میسر تھی وہ ایٹمی قوت بننے میں کامیاب ہوگئی اور اسی طرح ہر سال 28مئی کو چاغی میں کئے گئے ایٹمی دھماکوں کی یاد میں ملک بھر میں ” یوم تکبیر” منایا جاتا ہے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر سکاوٹ لیڈر وزیر آفریدی نے کہا کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے جو کسی کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رکھتے پھر بھی اپنے وجود کو قائم رکھنے کیلئے اسے باربار جنگیں لڑنا پڑیں اگر 28مئی کی واقعات پر نظر دوڑائی جائے تو یہ بات روز روشن کی طرح عیاں ہو تی ہے کہ اگر محنت، لگن اور ایمانداری سے کام کیا جائے تو نا ممکن کو ممکن بنایا جا سکتا ہے اور 28 مئی اس کا جیتاجاگتا مثال ہے۔