ملاکنڈ (مانند نیوز)پرائس ریویو کمیٹی ضلع ملاکنڈ کاایک خصوصی اجلاس بدھ کے روز ڈسٹرکٹ سیکریڑیٹ ہال بٹ خیلہ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل زمین خان کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں ضلع بھر کیلئے مختلف اشیائے خوردونوش کیلئے ملحقہ اضلاع کے نرخوں کا تقابلی جائزہ لینے کے بعد نئی نرخوں کا تعین کیا گیا اور بعض اشیاء کے نرخوں میں ردوبدل عمل میں لایا گیا۔اجلاس میں ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر ریلیف محمد عمر کے علاوہ اسسٹنٹ کمشنر درگئی و ڈسٹرکٹ فوڈ کنڑولرملاکنڈ سمیت دیگر متعلقہ محکمہ جات کے حکام،ضلع کے مختلف بازاروں کے یونین کے صدوراور عہدیداروں، تاجروں اور صارفین کے نمائندوں نے شرکت کی۔نئی نرخوں کے پیش نظر تندور والی روٹی کے لیے150 گرام 20 روپے اور 300 گرام کی روٹی 40 روپے،مکس مٹھائی اے کلاس 730 روپے کلو، بسکٹ اے کلاس 700 روپے کلو،دال ماش ایک نمبر 530 روپے کلو،چنا سفید پاکستانی 8 ایم ایم 300 روپے کلو،دودھ کیلئے پرانا ریٹ 200 روپے کلو اور دہی کیلئے 210 روپے،چائے 30 روپے کپ،چکن سجی 800 روپے جبکہ بریانی کیلئے وزن کے حساب سے ریٹ بعد میں فکس کیا جائے گا۔اسی طرح ہوٹل ائٹم اور دیگر اشیاء کے لیے بھی نئے ریٹس مقرر کئے گئے جبکہ زیادہ تر خوردنی اشیاء کیلئے پرانے ریٹس برقرار رکھے گئے ہیں۔منعقدہ اجلاس سے ایڈ یشنل ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ قیمتوں کے مناسب تعین کے لیے پرائس ریویو کمیٹیوں کا انعقاد انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔انہوں نے کہا کہ قیمتوں کے تعین کا براہ راست اثر عوام پر ہوتا ہے لہٰذا ہماری کوشش ہوگی کہ ہم مناسب نرخ مقرر کریں اور اس سے نہ تاجر برادری متاثر ہوں اور نہ عوام پر بوجھ ڈالا جائے بلکہ تاجر مناسب منافع کے ساتھ عوام کو مکمل ریلیف فراہم کریں۔انہوں نے محکمہ لائیوسٹاک کو سختی سے ہدایت کی کہ دودھ میں ملاوٹ ناقابل معافی جرم ہے اور خاص کر کیمیکل ملادودھ جو کینسر بنے کا سبب ہے ان کے ساتھ رعایت کی کوئی گنجائش نہیں اور اس کی رپورٹ براہ راست مجھے دیں۔انہوں نے تاجر برادری سے کہا کہ وہ پرائس ریویو کمیٹی میں جو اشیاء خوردونوش کی قیمتیں مقرر کی گئی ہے جس کے مطابق عوام کو معیاری اشیاء خوردونوش وافر مقدار میں فراہمی کو یقینی بنائیں۔اے ڈی سی نے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر ز اور محکمہ خوراک کے افسران کو بھی سختی سے تاکید کی ہے کہ وہ باقاعدگی سے بازاروں کی چیکنگ کریں اور ضلعی انتظامیہ کی مقرر کردہ نرخوں سے تجاوز کرنے والے دکانداروں کے خلاف سخت قانونی کاروائی کریں۔