کوہاٹ (مانند نیوز)سابق وزیر داخلہ اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شہریار خان آفریدی ایم این اے نے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی شفیع جان کے ہمراہ گورنمنٹ گرلز مڈل سکول استرزئی کوہاٹ کے اپگریڈیشن اورتعمیراتی کام کا افتتاح علاقے کے ورکرز سے کروادیا۔ سکول ہذا کی پرائمری سے مڈل کو اپگریڈیشن اورتعمیراتی کام پر 13.9 ملین روپے کی لاگت آئی ہے۔ افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے کہا کہ تعلیم کا فروغ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کی ترجیحات میں سرفہرست ہے یہی وجہ ہے کہ صوبائی حکومت تعلیم عام کرنے پر خطیر رقوم خرچ کر رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچے ہمارا مستقبل ہیں اور ان بچوں نے ہی آگے چل کر اس ملک کی باگ ڈور سنبھالنی ہے۔ اساتذہ کو مخاطب کرتے ہوئے شہریار آفریدی نے ان سے کہا کہ وہ بچوں کی کردارسازی پرتوجہ دیں اورانہیں پاکستان سے محبت کرنا سکھائیں۔ تعلیم ہمیں انسانیت کا درس دیتی ہے، بحیثیت مسلمان ہمیں تعلیم حاصل کرنے کی تاکید کی گئی ہے اوریہ ہمیں رشتوں کی قدر اور اہمیت سے روشناس کراتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے فروغ میں معاشرے کا ہر فرد حکومت کا ساتھ دے اور اپنے حصے کا کردار ادا کرے۔