کرک (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر کرک مجیب الرحمن نے واضح کیا ہے کہ عوام کو اشیائے خوردونوش کے معیار پر کوئی سمجھوتہ کئے بغیر مقررہ نرخوں پر فراہمی یقینی بنایا جائے گا اور عوامی شکایات پر انتظامیہ فوراً حرکت میں آ کر گرانفروشوں، ذخیرہ اندوزوں اور ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کرے گی۔دکاندار وں سے کہا گیا ہے کہ عوام الناس کی سہولت کیلئے نرخنامے نمایاں طور پر آویزاں کئے جائیں۔ یہ ہدایات انہوں نے اپنے دفتر میں ضلع پرائس ریویو کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دیں۔ اجلاس میں ضلعی انتظامیہ اور متعلقہ محکموں کے حکام،صدر انجمن تاجران، صدور ہوٹل، نانبائی، قصابان اور سویٹس سمیت کنزیومر نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ کنزیومر نمائندوں اور تاجروں کے تجاویز پر مختلف اشیاء کی قیمتوں میں ردوبدل کیاگیا۔ ڈپٹی کمشنر کرک نے کہا کہ عوام پرائس اور کوالٹی کنٹرول کرنے کیلئے انتظامیہ سے بھرپور تعاون کریں۔کسی کو بھی من مانی اور خود ساختہ نرخوں کی اجازت نہیں دیں گے۔انہوں نے کہا کہ تجارت پیغمبری پیشہ ہے۔تاجر مقررہ نرخ پر اشیائے خوردونوش فراہم کریں کیونکہ یہ نرخ تاجروں اور عوامی نمائندوں کے باہمی مشاورت سے مقرر کر دئیے گئے ہیں جس میں کوئی رعایت نہیں کی جائے گی۔ڈی سی کرک نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ کے افسران روزانہ کی بنیادوں پر بازاروں کا معائنہ کریں گے اور خلاف ورزی کرنے والے نہ صرف جرمانے ادا کریں گے بلکہ جیل بھی جائیں گے۔