کوہاٹ (مانند نیوز)ملک کے دیگر حصوں کی طرح کوہاٹ میں بھی پاکستان تحریک انصاف کے بانی سربراہ عمران خان، ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی اور دیگر بے گناہ سینکڑوں سیاسی رہنماؤں اور کارکنوں کی غیر قانونی گرفتاریوں کے خلاف اور رہائی کیلئے جمعہ کی شام ایک بہت بڑی احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت سابق وفاقی وزیر اور پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شہریار آفریدی ایم این اے اور خیبر پختونخوا کے وزیر خزانہ و قانون آفتاب عالم آفریدی ایڈووکیٹ نے کی جبکہ اس میں اراکین صوبائی اسمبلی شفیع جان اور داؤد شاہ آفریدی لاچی اور گمبٹ کے تحصیل چیئرمینوں احسان خان اور ساجد اقبال، سابق ضلع ناظم نسیم آفریدی اور پارٹی کارکنوں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی جو اپنے اختتام پر ایک بڑے احتجاجی اجتماع میں تبدیل ہو گیا۔ مظاہرین نے پاکستان اور پی ٹی آئی کے جھنڈے اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان اور دیگر اسیروں کی رہائی اور پی ٹی آئی کے سربراہ، رہنماؤں اور کارکنوں کے ساتھ گزشتہ کئی سالوں سے ہونے والی ناانصافیوں کے خلاف نعرے درج تھے۔ پی ٹی آئی رہنماؤں نے اپنے خطابات میں کوہاٹ کے بہادر اور غیور عوام کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے تمام تر مشکلات اور سختیوں کے باوجود عمران خان کے ساتھ ہر مشکل گھڑی میں ڈٹ کر کھڑے رہے اور پرامن احتجاج کے ذریعے خان صاحب اور دیگر تمام بے گناہ قیدیوں کیلئے آواز بلند کی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عمران خان، بشریٰ بی بی اور دیگر بے گناہوں کو فوراً رہا کیا جائے اور ملک کی ترقی اور خوشحالی کیلئے پی ٹی آئی کو ووٹ دینے والے عوام کے مینڈیٹ کی توہین نہ کی جائے اور لٹیروں اور چوروں سے نجات دلائی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور اس کے تمام ادارے ہمارے اپنے ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ عمران خان کے بغیر ملک آگے نہیں بڑھ سکتا۔ عمران خان پاکستان کی ضرورت اور آخری امید ہیں۔