پشاور(مانند نیوز) خیبرپختونخوا کے وزیر جنگلات و ماحولیات فضل حکیم خان یوسفزئی نے کہا ہے کہ جنگلات کا تحفظ ہم سب کا قومی فریضہ ہے اور جنگلات کی حد بندی میں ہم سب کو زمینی حقائق مد نظر رکھتے ہوئے متعلقہ اداروں سے تعاون کرناہوگا، جنگلات ہی ہیں جن کی وجہ سے ملاکنڈ ڈویژن کو منفرد حیثیت حاصل ہے اور سیاح ان حسین وادیوں کا رخ کرتے ہیں، جنگلات کی کٹائی کو مشترکہ طور پر ہر صورت روکنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر نے انصاف ہاؤس مینگورہ میں سوات کی مختلف تحصیلوں سے آئے ہوئے جرگہ وفد سے ملاقات کرتے ہوئے کیا۔ وفد نے فضل حکیم خان یوسفزئی کو جنگلات کی حد بندی سے متعلق تحفظات سے آگاہ کیا۔ اس ضمن میں صوبائی وزیر نے کہا کہ اس اہم مسلئے کو مستقل طور پر حل کرنے کیلئے ٹیکنیکل کمیٹی تشکیل دی جائے گی۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کمیٹی عوامی مفاد کو مد نظر رکھتے ہوئے تمام قانونی مطالبات و خدشات دور کرنے کی کوشش کریگی۔ وفد سے گفتگو کرتے ہوئے فضل حکیم خان یوسفزئی کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے عوام کے بنیادی مسائل کے حل پر توجہ مرکوز کی ہے، ہم نعروں پرنہیں عملی کام پر یقین رکھتے ہیں، اللہ تعالیٰ نے خدمت خلق کا جو موقع عطا کیا ہے اسے عبادت سمجھ کر نبھارہے ہیں۔صوبائی وزیر فضل حکیم خان نے کہا کہ عوام کے مسائل کا حل موجودہ حکومت کی اہم ذمہ داری ہے، ہم عوام کے سامنے جوابدہ ہیں، تحریک انصاف کی سیاست کا مقصد فلاحی ریاست کا حصول ہے۔