کرک (مانند نیوز)حکومت خیبرپختونخوا کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر کرک مجیب الرحمن کی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر کرک سکوارڈن لیڈر (ر) امان اللہ نے سرکٹ ہاؤس کرک میں بجلی کی بحالی اور بِلز ادائیگی کے حوالے سے کھلی کچہری کا انعقاد کیا جس میں ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر ریونیو کرک محمد فیاض سمیت ایس ڈی او واپڈا اور ویلج چیئرمینز نے خصوصی طور پر شرکت کی۔ اس موقع پر کرک فیڈر کے ساتھ منسلک آبادی کے مشران اور ویلج چیئرمینز نے اپنے تحفظات اور خدشات پیش کئے اور لوڈ شیڈنگ کے حوالے سے اپنی شکایات درج کیں۔جس پر اسسٹنٹ کمشنر کرک نے شرکاء کو یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کی جانب سے عوام کو بِلز کی ادائیگی میں ریلیف دیا جارہا ہے اور صرف یہی نہیں بلکہ بِلز کی باقاعدہ ادائیگی کے بعد 12 گھنٹے بجلی بھی بحال رکھی جائے گی اور بِل بھی اب صرف موجودہ بِل ہی ادا کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جن کے میٹرز لگے ہوئے ہیں وہ بجلی کا بِل بروقت ادا کیا کریں جبکہ جنہوں نے نہیں لگائے ہیں وہ جلد ازجلد قانونی میٹرز لگالیں تاکہ لوڈ شیڈنگ میں کمی لائی جاسکے اور بجلی بحال رہے۔