دیر لوئر (مانند نیوز)صوبائی حکومت کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر دیر لوئرواصل خان نے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس اینڈ پلاننگ جان محمد کے ہمراہ پیسکو بقایات کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد کیا۔ اجلاس میں اسسٹنٹ کمشنر تیمرگرہ ڈاکٹر ندا اقبال اور تمام محکمہ جات کے سربراہان نے شرکت کی۔ایگزیکٹیو انجینئرپیسکو محمد زیب خان نے تمام محکمہ جات / سرکاری بنگلوں، ٹیوب ویلز، صحت کے مراکز کے بقایاجات کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ ایگزیکٹیو انجینئر نے مختلف فیڈرز پر لوڈ شیڈنگ شیڈول اور لائین لاسز کے بارے میں بریفنگ دی۔ گرمیوں میں لوڈ منجمنٹ کی وجہ سے مختلف فیڈر پر فالٹ آجاتے ہیں جس کو کلئیر کرنے کے لئے بھی بجلی منقطع کی جاتی ہیں۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ تمام محکموں کو اپنے بقایاجات جلد ازجلد جمع کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ بقایاجات مقررہ وقت کے اندر جمع نہ کرنے والے محکموں کے خلاف کاروائی کی جائیگی۔ انہوں نے ایگزیکٹیو انجینیرپیسکو کو ہدایت کی کہ جو ٹیوب ویلز عرصہ دراز سے بند ہے ان کی بجلی منطقع کریں اور بل بھی جاری نہ کریں۔ اس کے علاوہ ایگزیکٹیو انجینئر پیسکو کو ہدایت کی کہ تمام محکموں کے بقایات کو ریکنسائیل کریں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع لوئر دیر کے کسی بھی فیڈر پر 12 گھنٹے سے زیادہ لوڈ شیڈنگ نہیں ہوگی جہاں فالٹ ہو ان کو جلد از جلد کلئیر کریں اورمتعلقہ فیڈر کے کنزیومر کوسوشل میڈیا اور الیکٹرانک میڈیا کے ذریعے باخبر رکھا جائے۔ انہوں نے کہا کہ بجلی بقایاجات کے ریکوری میں ضلعی انتظامیہ ہر ممکن تعاون کریگی۔