کوہاٹ (مانند نیوز)حکومت خیبرپختونخوا کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر کوہاٹ ڈاکٹر عظمت اللہ وزیر کی ہدایت پر بجلی چوری کی روک تھام اور کنڈا مافیا کے خلاف آپریشن بدستور جاری ہے۔ضلعی انتظامیہ کوہاٹ کی جانب سے اس مقصد کیلئے انتظامی افسران، پیسکو حکام اور مقامی پولیس پر مشتمل تشکیل کردہ علیحدہ علیحدہ ٹیموں نے جنگل خیل او ٹی ایس روڈ، تپی، فقیر آباد، محمد زئی اور ہنگو روڈ پر بجلی چوری کی روک تھام کے حوالے سے مشترکہ آپریشن کیا اور اس سلسلے میں عام لوگوں سے بھی ملاقات کر کے انہیں کنڈا مافیا اور غیر قانونی بجلی استعمال کرنے والوں کے خلاف پیسکو حکام کے ساتھ مکمل تعاون کرنے اور بجلی کے بلوں کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کیلئے کہا گیا تاکہ مستقل بنیادوں پر بجلی کی لوڈشیڈنگ کا مسئلہ حل کیا جا سکے۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق گزشتہ کئی روز سے کوہاٹ میں ضلعی انتظامیہ کی زیر نگرانی پیسکو حکام اور پولیس پر مشتمل ٹیموں کی بجلی چوری کی روک تھام کے حوالے سے مشترکہ آپریشن کامیابی سے جاری ہے۔آپریشن کا دائرہ بتدریج ضلع کوہاٹ کے دیگر علاقوں تک بڑھایا جا رہا ہے۔بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک یہ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے مثبت نتائج برآمد ہو رہے ہیں اور عوام بھی ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کر رہے ہیں۔