ہنگو (مانند نیوز)حکومت خیبرپختونخوا کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر ہنگو سید حیدر حسین کی خصوصی ہدایت پر تشکیل کردہ ضلعی انتظامیہ، پیسکو اور مقامی پولیس پر مشتمل مختلف ٹیموں نے ٹل، توغ سرائے، زرگری اور الوڑہ میلہ میں بجلی کے واجبات کی وصولی، بجلی چوری اور کنڈا مافیا کے خاتمے کے سلسلے میں کامیاب آپریشن کیا اور اس دوران بجلی واجبات کی وصولی کی گئی جبکہ موقع پر غیر قانونی کنکشنز اور ٹیمپرڈ بجلی میٹر بھی ہٹائے گئے۔اسی طرح بجلی چوری میں ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی گئی۔ دریں اثناء پیسکو کی جانب سے گھریلو صارفین کو سختی سے ہدایت کی گئی کہ وہ بجلی چوری اور غیر قانونی کنکشنز سے اجتناب کریں اور پیسکو کے بلوں کی بروقت ادائیگی کو یقینی بنائیں تاکہ ان علاقوں سے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا جا سکے۔ کنڈا مافیا اور غیر قانونی کنکشنز کرنے والوں کو خبردار کر دیا گیا کہ رضا کارانہ طور پر غیرقانونی کنکشنز اور کنڈے ہٹائیں بصورت دیگر قانون کے مطابق سخت کارروائی کیلئے تیار رہیں۔