کوہاٹ (مانند نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم آفریدی ایڈوکیٹ نے قومی تعمیر نو محکموں کے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ کام کے معیار پر سمجھوتہ کئے بغیر ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل یقینی بنائیں اور جاری منصوبوں پر اب تک کی پیش رفت پر ایک جامع رپورٹ تیار کر کے جلد از جلد ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں جمع کرائیں۔یہ ہدایات انہوں نے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کے دفتر میں منعقدہ ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔اجلاس میں رکن خیبر پختونخوا اسمبلی شفیع جان،چیئرمین تحصیل گمبٹ ساجد اقبال، یڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس کوہاٹ رینا سہروردی اور قومی تعمیر نو محکموں کے متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس کو جاری ترقیاتی سکیموں پر اب تک کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔وزیر قانون نے کہا کہ مفاد عامہ کے منصوبوں میں غیر ضروری تاخیر یا غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔انہوں نے واضح کیا کہ حکومت خیبرپختونخوا کی جانب سے کرپشن اور کمیشن کیلئے زیرو ٹالرنس ہے۔لہٰذا کسی کو بھی سرکاری فنڈز کے غلط استعمال کی اجازت نہیں دی جائے گی اور ایک ایک پائی مفاد عامہ اور بہتری پر خرچ ہو گی۔