اسلام آباد (مانند نیوز)سعودی عرب نے پاکستانی سیاحوں کیلئے وزٹ ویزا کی شرائط میں نرمی کر دی ہے۔ نئی شرائط کے تحت اب پاکستانی سیاح سعودی وزٹ ویزا کے حصول کیلئے 750 امریکی ڈالر ماہانہ کریڈٹ یا اس کے مساوی رقم والے بینک اسٹیٹمنٹ جمع کراسکتے ہیں۔
2023 میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 43 فیصد زائد پاکستانی سیاحوں نے سعودی عرب کا وزٹ کیا اور 2024 میں سعودی عرب کو 27 لاکھ پاکستانی سیاحوں کی سعودی عرب آمد متوقع ہے۔
سیاحوں کی اس بڑھتی ہوئی تعداد کو سہولت فراہم کرنے کیلئے کراچی، اسلام آباد، لاہور، پشاور، کوئٹہ اور ملتان میں 6 تشہیر دفاتر قائم کیے گئے ہیں۔
تشہیر کے دفاتر میں صارف دوست اور بہترین خدمات پیش کی جاتی ہیں جن میں ویزا درخواست کی رہنمائی، بائیومیٹرک اندراج، اسٹیٹس ٹریکنگ اور پاسپورٹ کی ڈلیوری شامل ہیں۔ طویل انتظار سے بچنے کیلئے مسافر اپنے دورے سے پہلے تشہیر کی ویب سائٹ پر اپائنٹمنٹ حاصل کرسکتے ہیں۔
سعودی عرب نے پاکستانیوں کیلئے ٹرانزٹ ویزا بھی متعارف کرایا ہے جو سعودی ایئرلائن اور فلائی ناس کے ذریعے سعودی عرب آنے والے مسافروں کیلئے دستیاب ہے۔
اس ویزا کے ذریعے سیاح 96 گھنٹے تک سعودی عرب کا دورہ کرسکیں گے۔ اس کے علاوہ آن ارائیول ویزا ان مسافروں کیلئے دستیاب ہے جن کے پاس برطانیہ، امریکہ اور شینگن ویزا ہو۔
سعودی عرب نے گزشتہ سال پاکستانی مسافروں کیلئے ایک سالہ ملٹی پل انٹری ویزا بھی متعارف کرایا ہے۔ اس ویزا کے تحت مسافر ایک سال کی مدّت میں سعودی عرب کے متعدد دوروں کے دوران ملک کے مختلف شہروں کی ثقافت اور قدرتی عجائبات سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔
ایک سال کے ملٹی پل ویز اکے حامل پاکستانی مسافر عمرہ بھی کرسکتے ہیں۔یہ اقدام مقد س مقامات کے روحانی سفر اور باہمی ثقافت کو فروغ دینے کیلئے سعودی عرب کے عزم کو اجاگر کرتا ہے۔
ویزا کو آسان بنانے کے اقدام سے پاکستانی شہریوں کو نہ صرف اپنے دوست احباب اور اہلِ خانہ سے ملنے اور عمرہ ادا کرنے کی ترغیب ملے گی بلکہ انہیں ریاض کے متحرک شہر کے منظر، جدّہ کے ثقافتی ورثے، بحیرہ احمر کے پوشیدہ خزانوں سے لے کر العلا کے قدیم عجائبات جیسے مقامات تک سعودی عرب کی سیر کرنے کی بھی ترغیب ملے گی۔
سعودی عرب سیاحوں کیلئے پورے سال کی بہترین منزل ہے جہاں سیاح گرمیوں میں ٹھنڈے اور سردیوں میں متحرک موسم سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں۔
ویزا درخواستوں کے بارے میں مزید معلومات visa.mofa.gov.sa اور vc.tasheer.com سے حاصل کی جاسکتی ہیں۔
سیاحت کیلئے مختلف آفرز اور سفری گائیڈ لائنز کے بارے میں جاننے کیلئے www.visitsaudi.com پر لاگ آن کریں۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے