کوہاٹ (مانند نیوز)محرم الحرام کے دروان تمام فریقین آپس میں ملی یکجہتی، بھائی چارے اور روادری کا عملی مظاہرہ کریں اور شرپسند عناصر کے مذموم عزائم کو ناکام بنائیں۔ ان خیالات کا اظہار جنرل آفیسر کمانڈنگ (GOC) نائن ڈویژن کوہاٹ میجر جنرل ذوالفقار علی بھٹی نیگورنر کاٹیج پاراچنار میں علاقہ کے مشران اور نوجوانوں کے ساتھ الگ الگ نشستوں کے دوران کیا۔ ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود نے اظہار خیال کرتے ہوئے محرم الحرام کے پرامن انعقاد کیلئے کئے گئے انتظامات کے بارے میں تفصیل سے بتایا. اس موقع پر کمانڈر 73 بریگیڈ بریگیڈئیر شہزاد عظیم، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرم نثار احمد خان، کمانڈنگ آفیسر 55 بلوچ کرنل یوسف، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل یوسف کریم،اسسٹنٹ کمشنر اپر کرم حفیظ اللہ اور عمائدین و مشران علاقہ بھی موجود تھے. جی او سی نے مزید کہا کہ شہدائے کربلا نے دینِ سلام کی خاطر جو قربانیاں دی ہیں وہ ہم سب کیلئے زندہ و تابندہ مثال ہے۔ لہٰذا ہمیں نہ صرف محرم الحرام کے دوران آپس میں بھائی چارے، امن و استحکام اور رواداری کا عملی مظاہرہ کرنا ہوگا بلکہ ہمیں پورا سال آپس میں اسی طرح امن قائم رکھتے ہوئے ملک دشمن عناصر کی تمام تر منصوں وں کو ناکام بنانا ہو گا۔انہوں نے کہا کہ امن کے قیام کیلئے سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں روزِ روشن کی طرح عیاں ہیں لہٰذا محرم الحرام کے پرامن انعقاد کیلئے ہمیں من حیثُ القوم عملی طور پر ریاست کے تمام اداروں کیساتھ مکمل تعاون کرنا چاہیے۔ اس موقع پر علاقائی مشران اور نوجوانان علاقہ نے معزز مہمان کو جملہ مسائل سے آگاہ کیا اور ماضی کی طرح امسال بھی محرم الحرام کے دوران تمام اداروں کیساتھ عملی طور پر تعاون کرنے کا اعادہ کیا.۔