کرم(مانند نیوز)ضلع کرم سمیت پورے ملک میں قیام امن کیلئے سیکیورٹی فورسز اور عام لوگوں کی لازوال قربانیاں روز روشن کی طرح عیاں ہیں۔ پوری قوم ان کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔ہمارے تمام ادارے مستقل بنیادوں پر امن کے قیام اور بد امنی کے خلاف برسرِ پیکار ہیں۔محرم الحرام کے دوران امن و آشتی اور بھائی چارے کے فروغ کیلئے قبائل کا اتفاق و اتحاد بھی فقید المثال ہے۔ ان خیالات کا اظہار نائن ڈویژن کوہاٹ کے جنرل آفیسر کمانڈنگ (جی او سی) میجر جنرل ذوالفقار علی بھٹی نے ضلع کرم میں صدہ جرگہ ہال میں منعقدہ قبائلی جرگہ سے خطاب کے دوران کیا۔اس موقع پر کمانڈر 73 بریگیڈ بریگیڈئر شہزاد عظیم، ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود، ڈی پی او کرم نثار احمد خان، ونگ کمانڈر 113ونگ کرنل سہیل اور متعلقہ اسسٹنٹ کمشنرز بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر کرم نے کہا کہ محرم الحرام کے پرامن انعقاد کیلئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور اس سلسلے میں تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا گیا ہے۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ امسال بھی عوام اور متعلقہ اداروں کے بھرپور تعاون سے محرم الحرام خیر و عافیت سے گزرے گا۔جی او سی نے اپنے خطاب میں کہا کہ مُٹھی بھر شرپسند عناصر کے خلاف سیکیورٹی فورسز سمیت تمام ادارے سرگرم عمل ہیں اور علاقے میں امن کے قیام کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے قیام امن کیلئے ضلع کرم کے قبائل کے مثالی تعاون کا خصوصی طور پر ذکر کیا۔ انہوں نے شہدائے کربلا کی ملت اسلامیہ کیلئے لازوال قربانیوں کو ایک عمدہ مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں بھی اسی جذبے کے تحت آپس میں مل کر بد امنی کا مقابلہ کرنا ہوگا اور ہر اس عمل سے گریز کرنا ہو گا جس کی وجہ سے نقصِ امن کا احتمال ہو۔انہوں نے علی الاعلان کہا کہ مُھٹی بھر شرپسند عناصر خواہ وہ جہاں اور جس جگہ پر بھی ہو ان کے خلاف بلا امتیاز سخت کاروائی کی جائے گی۔شرکاء جرگہ نے جی او سی کو قیام امن کیلئے اداروں کے پشت پر کھڑے رہنے کا عزم کیا۔اس موقع پر قبائلی عمائدین نے بھی تفصیل کیساتھ اظہار خیال کیا اور محرم الحرام کے پرامن انعقاد کیلئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ دریں اثناء مقامی نوجوانوں اور طلباء کے ساتھ بھی خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا جس میں انہوں نے کھل کر اپنے مسائل پر اظہارِ خیال کیا۔

By Manend Team

Manend, a top Pakistani Media can be seen on, Facebook ,Youtube, Twitter etc. Manend Media provides News in Peshawar, Kohat, Bannu, DI Khan, Mardan, Hazara , Abattablad, Malakand, Pakistan , Pakhtunkhwa in Urdu and English and Pashto Language of Latest and Breaking Nature consisting of News, Education Opinion and Entertainment

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے