کرک (مانند نیوز )خیبر پختونخوا کے وزیر زراعت میجر (ر) محمد سجاد بارکوال نے صوبے کے زمینداروں اور کاشتکاروں کو سورج مکھی کی کاشت کو فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبائی حکومت اس سلسلے میں بھرپور سرپرستی اور ہر ممکن تعاون کرے گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی جنرل سیکرٹری آئی ایس ایف ثناء اللہ شاہ، صدر تحصیل کرک عاصم خٹک اور سینئر ورکر عاشق منیر کے ہمراہ ویلج کونسل کندہ ضلع کرک میں سورج مکھی کی فصل کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے اس موقع پر زمینداروں اور کاشتکاروں کے ساتھ تفصیلی ملاقات بھی کی اور انہیں سورج مکھی کی کاشت کی جانب ترغیب دی۔دریں اثناء میجر (ر) سجاد بارکوال نے وہاں پر لوگوں کے مسائل بھی سنے اور انہیں جلد از جلد حل کرانے کی یقین دہانی کرائی۔وزیر موصوف نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت ماضی کے برعکس تمام مسائل ذاتی پسند و ناپسند سے بالاتر ہوکر عوام کے باہمی مشاورت سے خالصتا میرٹ پر حل کرے گی۔وزیر زراعت نے شگی دبلی لواغر روڈ کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے کہا کہ کام کے معیار پر سمجھوتہ کئے بغیر مذکورہ روڈ کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے گا۔صوبائی وزیر نے عمائدین کے ساتھ علاقے کے مفاد عامہ کے دیگر مسائل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور ان کے جلد حل کی یقین دہانی کرائی۔