پشاور(مانند نیوز )وومن چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری مردان کی بانی عنبرین خان ہوتی نے کہا ہے کہ حکومت آئی پی پیز کے ساتھ معاہدے ختم کریں، بجلی کے ناقابل برداشت نرخوں کی وجہ سے بڑے پیمانے پر صنعتی یو نٹس کی بندش کا سامنا ہے اور بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔بجلی کی نئی قیمت صارفین کے لیے ناقابل برداشت ہے،ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے بیان میں کیا، انہوں نے کہا کہ بجلی کی قیمت میں مسلسل اضافے سے عوام کا جینا اورتاجروں و صنعتکاروں کا کاروبارکا حق چھین رہا ہے۔ جب معیشت ہی نہیں چلے گی تو حکومت ٹیکس کیسے جمع کرے گی۔ کاروباربند، بے روزگاری میں اضافہ، مہنگائی ناقابل برداشت اورٹیکس اہداف بری طرح ناکام ہوجائیں گے۔انہوں نے کہا کہ کیپسٹی چارجز اور بجلی کا فی یونٹ مہنگی ہونے سے عوام پر مہنگی ترین بجلی کے بلوں نے معاشی بحران کی کیفیت پیدا کردی ہے جبکہ صنعتوں کیلئے پیداواری لاگت اتنی بڑھ گئی ہے کہ اب عالمی مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات دیگر ممالک کی مصنوعات سے مقابلہ کرنے کے قابل نہیں رہیں۔وفاقی حکومت کو قومی مفاد میں آئی پی پیز سے نمٹنے اور صنعت کے لیے بجلی کی سستی قیمتوں کو یقینی بنانے کے لیے حکمت عملی وضع کرنی چاہیے،انہوں نے بجلی کے بے تحاشا نرخوں کی وجہ سے مختلف صنعتوں کے بڑے پیمانے پر بندش کے بارے میں شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا اس کے نتیجے میں ملک بھر میں بے روزگاری میں اضافہ ہو گا