پشاور(مانند نیوز )وزیراعلی کے مشیر برائے سیاحت و ثقافت اور آثار قدیمہ زاہد چن زیب نے کہا ہے کہ وادیِ ناران بالخصوص دیو مالائی قصوں کا حامل جھیل سیف الملوک پاکستان کا اہم ترین سیاحتی مرکز ہے جس کی بین الاقوامی اہمیت مسلمہ ہے۔ عید الاضحی پر چار لاکھ سے زیادہ سیاحوں کا انتظام اور وادی کے بیشتر علاقوں کی صفائی یقینی بنانا کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا قابل تحسین کارنامہ ہے۔ اتھارٹی نے وادی ناران کے تمام سیاحتی مقامات کو صاف ستھرا رکھ کر سیاحوں کو بہترین سہولیات فراہم کیں جس سے مستقبل میں سیاحت کو مزید فروغ ملے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی جانب سے سیاحوں کی سہولت کیلئے تعمیر کردہ گرین بیلٹ کی افتتاحی تقریب اور مقامی ہوٹل ایسوسی ایشن کے عہدیداران و عمائدین علاقہ سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے ناران میں پینے کے صاف پانی کی مشکلات کے ازالے کیلئے دو سولر ٹیوب ویل کی تنصیب کا اعلان بھی کیا۔ تقریب میں ایم پی اے منیر حسین لغمانی ایڈوکیٹ،ڈائریکٹر جنرل کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی شبیر خان، ڈپٹی ڈائریکٹر امین الحسن، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز نعمان خان، ظہورِ خان، اسد خان، ہوٹل ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سیٹھ مطیع اللہ، سرور خان، محمد فاروق، یاسر ہارون، اشفاق احمد، حسن دین، انور لالہ اور عمائدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ مشیر سیاحت کا کہنا تھا کہ کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی بورڈ کو مزید فعال بنایا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ نقشہ منظوری کے بغیر کسی بھی قسم کی تعمیرات کی اجازت نہیں ہو گی اور تجاوزات کرنے والوں سے سختی کے ساتھ نمٹا جائے گا۔ ہوٹل مالکان کے بعض مسائل و مطالبات پر زاہد چن زیب نے یقین دلایا کہ کے ڈی اے بورڈ کے قوانین میں ماحول اور عوام دوست آئینی ترامیم لاکر ہوٹل مالکان کو بھی سہولیات اور مراعات فراہم کی جائیں گی۔ زاہد چن زیب نے سیاحوں کی سہولت کیلئے ناران میں ایمبولینس فراہمی، سہوچ پل کی مرمت کیلئے 30 لاکھ فنڈ کی منظوری اور گرلز سکول ناران کیلئے کرایہ کی بلڈنگ فراہمی یا متبادل سکول میں عمارت منتقل کرنے کا اعلان کیا۔ اس موقع پر ممبر صوبائی اسمبلی منیر حسین لغمانی ایڈوکیٹ نے مشیر سیاحت کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بہتر انتظامات کی بدولت رواں سیزن میں سیاحوں کو کوئی مسئلہ درپیش نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت کا مقصد ٹورازم انڈسٹری کا فروغ اور ان سیاحتی مقامات کی ترقی ہے۔ ڈپٹی ڈائریکٹر کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ وادی کاغان میں 9 ہزار گاڑیوں کی گنجائش ہے مگر رواں سیزن میں 15 ہزار گاڑیاں داخل ہوئی ہیں جس کی وجہ سے بعض مقامات پر ٹریفک مشکلات پیدا ہونا فطری امر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے ڈی اے کا عملہ دیگر اداروں کی معاونت سے ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھتا ہے جبکہ وہ سیاحوں کی خدمت کیلئے شبانہ روز کوشاں ہے نیز انکی مشکلات کو فورا حل کیا جاتا ہے۔ اس موقع پر مشیر سیاحت نے ناران میں بعض مقامی مسائل کے حل کیلئے موقع پر احکامات جاری کئے۔ قبل ازیں انہوں نے کاغان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے زیر اہتمام گرین بیلٹ کا افتتاح کیا جہاں سیاح دریائے کنہار کے کنارے خوشگوار موسم میں ٹھنڈی ہواؤں اور کھلی فضاؤں میں بیٹھ کر وادی ناران کے خوبصورت مناظر سے لطف اندوز ہو سکیں گے۔