ملاکنڈ(مانند نیوز)ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا ڈائریکٹر نارتھ ریجن ارشد اقبال کی زیر نگرانی تمام نارتھ ریجن کے ضلعی ایمرجنسی افسران کیساتھ اجلاس کا انعقاد۔ڈائریکٹر جنرل ریسکیو1122 خیبر پختونخوا ڈاکٹر محمد ایاز کے ہدایات پر ریجنل ڈائریکٹر نارتھ ریسکیو1122 خیبرپختونخوا ارشد اقبال کی زیر صدارت ایک اہم میٹنگ کا انعقاد ہوا جس میں نارتھ ریجن کے تمام ڈسٹرکٹ ایمرجنسی افیسرز نے شرکت کی۔ اس میٹنگ کا مقصد نارتھ ریجن کی ایمرجنسی ریسکیو سروسز کی کارکردگی کا جائزہ لینا اور آئندہ کے لیے بہترین حکمت عملی ترتیب دینا تھا۔ اجلاس میں ضلعی افسران نے اپنے اپنے علاقوں میں پیش آنے والے مسائل پر تبادلہ خیال کیا اور ان کے حل کے لیے مختلف تجاویز پیش کیں۔ اس موقع پر ڈائریکٹر نارتھ ریجن نے تمام ضلعی افسران کے ساتھ محرم کے حوالے سے بھی بات چیت کی کہ جن ضلعوں میں محرم کے جلوس ہوتے ہے اس میں بھی ہر قسم کی سہولیات فراہم دینے کی ہر ممکن کوشش کی جائے اور اس کے علاوہ مون سون بارشوں میں آنے والے خطرات کے حوالے سے بھی آگاہ کیا کہ تمام وہ ضلعے جو آنے والے بارشوں کیوجہ سے متاثر ہو سکتے ہے اس کے لئے بھی پہلے سے پلان تشکیل کیا جائے اور آنے والے ہر قسم صورتحال سے نمٹنے کے لئے ہائی الرٹ رہے۔ریجنل ڈائریکٹر نارتھ ارشد اقبال نے مزید کہا کہ ایمرجنسی ریسکیو سروسز کی بہتر کارکردگی اور عوام الناس کو بروقت ممکن امداد فراہم کرنا ریسکیو سروسز کی اولین ترجیح ہے اس لئے تمام ضلعی افسران اس بات کو یقینی بنائے کہ وہ اپنے اپنے ضلعے میں اپنے تمام ریسکیورز کی تربیت اور جدید آلات کے استعمال پر خصوصی توجہ دیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری اور مؤثر طریقے سے خدمات فراہم کی جا سکے۔اس موقع پر مختلف ایمرجنسیوں کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا کہ زلزلہ، سیلاب، آگ، ٹریفک حادثات یا دیگر ایمرجنسی صورتحال میں کیسے انسانی جانوں اور املاک کا نقصان کم کیا جا سکتا ہے۔اس موقع پر ڈائریکٹر نارتھ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام ضلعوں میں آگاہی مہم اور ابتدائی طبی امداد کے حوالے سے تربیتی سیشنز کا انعقاد بھی کیا جائے تاکہ عوام بھی ہر قسم ایمرجنسی کی صورت میں خود کو محفوظ رکھ سکیں اور ریسکیو کے پہنچنے سے پہلے اپنے پیاروں کی زندگیوں کو بچانے میں اپنا بھر پور کردار ادا کر سکیں۔ میٹنگ کے اختتام پر ارشد اقبال نے تمام ضلعی افسران کو ہدایات جاری کیں کہ مستقبل میں بھی اپنی شاندار کارکردگی جاری رکھیں اور عوام الناس کو ان کے گھر کے دہلیز پر سہولیات اور خدمات فراہم کریں۔