اورکزئی (مانند نیوز )حکومت خیبر پختونخوا کے احکامات کی روشنی میں ڈپٹی کمشنر اورکزئی محمد طیب عبداللہ کی خصوصی ہدایت پر اسسٹنٹ کمشنر لوئر اورکزئی نے ضلع کے دور دراز ویلیج کونسل درہ حسن زئی جبکہ ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرلوئراورکزئی نے گورنمنٹ پرائمری سکول چمنجنہ میں الگ الگ کھلی کچہریوں کا انعقاد کیا جن میں متعلقہ محکموں اور اداروں کے حکام، عمائدین علاقہ اور عام لوگوں نے شرکت کی۔کھلی کچہریوں کے شرکاء نے اپنے مسائل تفصیلاً پیش کئے جنہیں متعلقہ حکام نے نوٹ کئے۔عام نوعیت کے مسائل موقع پرحل کردیئے گئے جبکہ دیگر مسائل کے حل کیلئے متعلقہ حکام کو ڈیڈ لائن کے ساتھ بھیج دیاگیا۔اسسٹنٹ کمشنر زنے یقین دلایا کہ یہاں پر پیش کئے گئے تمام مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جائیں گے اور سائلین کو ان مسائل پر پیش رفت سے آگاہ بھی کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ کھلی کچہریوں کا دور دراز علاقوں میں انعقاد کا مقصد لوگوں کو دفتروں کے بار بار چکروں سے نجات دلا کر مقامی طور پر عوامی مسائل حل کرنا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر نے تمام سرکاری محکموں کو واضح ہدایات دی ہیں کہ وہ اپنے دفتروں سے نکل کر عوام کے مسائل حل کریں اور عوام کیلئے آسانیاں پیدا کریں۔ اسسٹنٹ کمشنرز نے کہا کہ عوام اپنے مسائل کے حل کیلئے کسی بھی وقت ان کے دفاتر آ سکتے ہیں اور کام نہ ہونے یا کسی بھی سرکاری افسر یا اہلکار کے خلاف شکایت کی صورت میں ڈپٹی کمشنر اورکزئی سے رابطہ کر سکتے ہیں۔وہ ضرور ازالہ کریں گے۔اہلیان علاقہ نے کھلی کچہریوں کے انعقاد اورمسائل کے حل میں ذاتی دلچسپی لینے پرضلعی انتظامیہ اورکزئی کا شکریہ ادا کیا۔