کوہاٹ (مانند نیوز ) ضلع کوہاٹ کے نو تعینات ڈپٹی کمشنر عبدالاکرم نے ضلعی انتظامیہ کے افسران کے ساتھ تعارفی اجلاس منعقد کیا جس میں انتظامی افسران نے ڈپٹی کمشنر کوہاٹ کو اپنے علاقوں اور کارکردگی کے حوالے سے تفصیلاً آگاہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے افسران سے کہا کہ وہ کوہاٹ میں عوام کو سہولیات دینے کیلئے تمام تر ضروری اقدامات کریں، انتظامی افسران روزانہ کی بنیاد پر بازاروں کا معائنہ کریں اور گرانفروشوں اور ملاوٹ مافیا کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کریں۔اسی طرح سرکاری نرخ نامے پر ہر صورت عمل درآمد یقینی بنایا جائے اور اس حوالے سے کسی سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ڈپٹی کمشنر نے خبردار کیا کہ بدعنوانی اور کرپشن میں ملوث اہلکاروں کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں ہو گی۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے اپنے منسٹریل سٹاف کے ساتھ بھی ایک اجلاس کا انعقاد کیا اور انہیں ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ لوگوں کے ساتھ شائستہ رویہ اختیار رکھیں اور زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔علاوہ ازیں صفائی اور وقت کی پابندی کا خاص خیال رکھا جائے اور تفویض شدہ ذمہ داریاں بروقت ادا کریں۔انہوں نے واضح کیا کہ دفاتر میں کسی قسم کی بدعنوانی یا تساہل ناقابل برداشت ہے۔