ہنگو (مانند نیوز )ضلع ہنگو کے نو تعینات ڈپٹی کمشنر گوہر زمان وزیر نے چارج سنبھالتے ہی ڈی سی آفس کمپاؤنڈ کے مختلف برانچز اور سیکشنز کا دورہ کیا جہاں پر انہوں نے مختلف سہولیات کی فراہمی، صفائی ستھرائی اور دیگر انتظامات کا جائزہ لینے کے علاوہ موجود عملے کے مسائل و مشکلات سے بھی آگاہی حاصل کی۔انہوں نے کمپاؤنڈ اور دیگر دفاتر کے سیکورٹی صورتحال کا جائزہ بھی لیا اور اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو ضروری ہدایات دیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ عملے کو بہترین دفتری ماحول فراہم کیا جائے گا تاہم ہم سب کی اولین ترجیح یہاں پر آنے والے افراد اور سائلین کی بہتر انداز میں دادرسی کرنا ہے لہٰذا وہ کشادہ دلی سے عوام کی خدمت کو اپنا شعار بنائیں۔انہوں نے واضح کیا کہ اس اہم کاز پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہو سکتا۔دریں اثناء اپنے دورے کے موقع پر سائلین سے بھی ملے اور ان سے مختلف سہولیات اور دفتری عملے کے رویے کے بارے میں دریافت کیا۔