درہ آدم خیل (مانند نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر قانون و پارلیمانی امور آفتاب عالم آفریدی ایڈوکیٹ نے سابقہ ایم این اے قیصر جمال آفریدی کے ہمراہ ضلع کوہاٹ کے قبائلی تحصیل درہ آدم خیل کے قوم بوستی خیل میں منصوبہ آبنوشی شیرین میلہ منصوبہ کا افتتاح کر دیا جس کیلئے حکومت خیبر پختونخوا کی جانب سے فنڈز فراہم کئے گئے ہیں۔اس موقع پر پارٹی کارکنوں، عمائدین علاقہ اور عام لوگوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔وزیر قانون نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں درہ آدم خیل کی پسماندگی اور محرومیوں کا احساس ہے کیونکہ یہ سابقہ فاٹا کا حصہ رہا ہے۔اس لئے ان کی کوشش ہو گی کہ یہاں پر خصوصی توجہ دی جائے۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو پینے کا پانی، مواصلات، تعلیم اور صحت جیسے بنیادی ضروریات کی فراہمی ان کی ترجیحات میں سرفہرست ہے۔آفتاب عالم کا کہنا تھا کہ وہ مقامی قیادت کے باہمی مشاورت سے ہر علاقے کی ضروریات کو مد نظر رکھ کر الگ ترقیاتی لائحہ عمل تیار کر رہے ہیں تاکہ لوگوں کو درپیش حقیقی مسائل حل ہوں۔ان کا کہنا تھا کہ ماضی کے حکمرانوں کے بر عکس ان کا ایجنڈا اپنے ذاتی مفاد اور پسند و ناپسند کی بجائے پسے ہوئے طبقات کے حالات کی بہتری ہے اور وہ اس اہم مقصد کے حصول کیلئے کوشاں ہیں۔قبل ازیں عمائدین علاقہ اور پارٹی کارکنوں نے وزیر قانون آفتاب عالم آفریدی کا پرتپاک استقبال کیا اور علاقے کی ترقی و خوشحالی میں دلچسپی لینے پر ان کا، شہریار آفریدی ایم این اے اور قیصر جمال کا شکریہ ادا کیا۔وزیر موصوف نے عمائدین علاقہ کے ساتھ فیتہ کاٹ کر منصوبہ آبنوشی کا افتتاح کر دیا۔