شانگلہ(مانند نیوز) پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام تین روزہ فری آئی کیمپ لگایا گیاجس میں ایک ہزار سے زائد مریضوں کا معائنہ کیا گیا۔فری آئی کیمپ میں مفت ادویات سمیت مختلف بیماریوں کی تشخیص کے لیے ٹیسٹ کرانے کی سہولت بھی فراہم کی گئی تھی۔بشام میڈیکل کمپلیکس میں شعبہ خدمت خلق پاکستان مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام تین روزہ فری آئی کیمپ لگانے پر مختلف حلقوں کی جانب سے زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اس موقع پر چیئر مین خدمت خلق پاکستان مرکزی مسلم لیگ محمد سرور چوہدری نے دورہ بھی کیا۔انہوں نے مریضوں سے گفتگو بھی کی اور انہیں آئندہ بھی ان کے علاقے میں ریلیف سرگرمیاں جاری رکھنے کی یقین دہانی کروائی۔انہوں نے کہا کہ شعبہ خدمت خلق پاکستان مرکزی مسلم لیگ بشام شانگلہ اور اس کے گردونواح میں علاقہ مکینوں کی محرومیوں کے ازالے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا۔انہوں نے کہا کہ یہاں کے لوگوں کے پاس وسائل اور سہولیات نہ ہونے کے برابر ہیں جس کے باعث آنکھوں کے علاج کا بروقت ہونا ناممکن تھا اسی سلسلے میں شعبہ خدمت خلق پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے فری آئی میڈیکل کیمپ منعقد کیا۔کیمپ منتظم نوید قمر نے کہا کہ ہم نے تین روزہ آئی میڈیکل کیمپ لگایا جس میں اب تک ہزار سے زائد مریضوں کا چیک اپ کیا گیا اور چار سو سے زائد مریضوں کا سفید موتیا کا آپریشن کیا گیا اور مریضوں کو مفت ادویات فراہم کی گئیں۔