کرم (مانند نیوز)کمشنر کوہاٹ ڈویژن سید معتصم باللہ شاہ نے کہا ہے کہ ضلع کرم میں فائر بندی کے بعد اگلے مرحلے میں ضلع بھر کے شاہراہوں کو محفوظ بنانے اور آمد ورفت کیلئے کھولنے کا پروگرام ہے جبکہ علاقہ مشران کے باہمی تعاون سے ضلع بھر کے تمام علاقوں میں اشیائے خورودونوش کانوائے کی صورت میں فراہمی کیلئے بھی فی الفور لائحہ عمل تیار کیا جا رہا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ضلعی کانفرنس روم میں طوری اور بنگش قبائل کے نمائندہ جرگے کیساتھ منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں ڈی آئی جی کوہاٹ شیر اکبر خان، ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود، ڈی پی او کرم نثار احمد اور دیگر متعلقہ حکام بھی شریک تھے۔ اجلاس میں ضلع بھر میں علاقہ مشران اور سیکیورٹی فورسز کی مکمل تعاون سے فائر بندی پر اطمینان کا اظہار کیاگیا اور فائر بندی میں مشران کے مکمل تعاون کو سراہا گیا۔ اس موقع پر طوری و بنگش قبائل نے حالیہ رونما ہونے والے ناخوشگوار واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور ذمہ دار افراد کے خلاف قانونی کاروائی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کمشنر کوہاٹ کو اپنے مسائل اور مطالبات بھی پیش کئے۔ڈی آئی جی کوہاٹ شیر اکبر خان نے اس موقع پر کہا کہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ہنگو اور ڈسٹر کٹ پولیس آفیسر کوہاٹ کوضلع کرم میں رونما ہونے والے ناخوشگوار واقعات کی فوری تحقیقات کرنے، ملزمان کی گرفتاری اور غفلت کے مرتکب عناصر کے خلاف کاروائی کی سختی کیساتھ ہدایت کی گئی ہے۔کمشنر کوہاٹ نے کرم کے عوام سے اپیل کی کہ وہ پرامن رہیں اور ضلع میں دیرپا امن کے قیام کیلئے حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔اجلاس میں ضلع بھر میں حالیہ فسادات کے دوران جانی و مالی نقصانات پر دلی رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا گیا اور مرحومین کی ایصال ثواب جبکہ زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا کی گئی۔