پشاور(مانند نیوز )گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ڈیپارٹمنٹ آف آرٹ اینڈڈیزائن یونیورسٹی آف پشاور کے وفد نے بدھ کے روز گورنرہاؤس میں ملاقات کی۔ وفد میں ڈاکٹرنعیم قاضی ڈین فیکلٹی آف آرٹ اینڈ ہیومنیٹیز، چیئرپرسن شعبہ آرٹ اینڈ ڈیزائن عمرانہ سیمی، فیکلٹی اراکین اور ڈیپارٹمنٹ کے طلباء شامل تھے۔ وفد نے گورنر کو شعبہ آرٹ اینڈ ڈیزائن کیلئے ضروری آلات، یونیورسٹی میں مزکورہ ڈیپارٹمنٹ کیلئے اپنی الگ عمارت اور دیگر ضروریات اشیاء کی کمی سے متعلق آگاہ کیا۔ وفد نے صوبہ میں آرٹس کونسل کے قیام کیلئے ضروری اقدامات و تعاون کی درخواست کی۔وفد نے گورنر کو بتایاکہ مذکورہ شعبے کے طلباء وطالبات انتہائی قابل اور بے پناہ صلاحیتوں کے مالک ہیں۔ ہمارے طلباء نے صوبہ اور ملک بھر کے مختلف نمائشوں میں حصہ لیا ہے اور اپنے فن کے ذریعے خیبرپختونخوا کی بھر پور نمائندگی کی ہے۔وفد کا کہنا تھا کہ شعبہ آرٹ اینڈ ڈیزائن میں پہلی دفعہ ایم فل اور پی ایچ ڈی کلاسز کا اجراء کیا گیا ہے۔ گورنرنے اس موقع پر وفد کے شرکاء کو کہاکہ آرٹس کونسل کے قیام سے متعلق جامع پرپوزل پیش کی جائے جس کیلئے متعلقہ محکموں سے معاملہ اٹھایا جائے گا،انہوں نے کہا کہ شعبہ آرٹ اینڈ ڈیزائن کے طلبہ چائنہ، امریکہ، سویڈن سمیت دیگر ممالک کے ساتھ ملکر فن پاروں اور آرٹ کی ترقی کیلئے مضبوط تعلقات استوار کریں۔گورنرنے مختلف نمائشوں میں بہترین فنپاروں کی نمائش کرنے پر طلباء اور فیکلٹی اراکین کی حوصلہ افزائی کی اور انہیں یقین دلایا کہ شعبہ آرٹ اینڈ ڈیزائن کے ساتھ ہر قسم کاتعاون کیا جائیگا۔ انہوں نے اس موقع پر شعبہ آرٹ اینڈ ڈیزائن کے طلبہ و فیکلٹی کو وویمن چیمبر کے ساتھ ملکر گورنر ہاؤس میں فن پاروں کی نمائش منعقد کرنیکی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ طلبہ کی مکمل حوصلہ افزائی کیلئے گورنر ہاؤس کے دروازے ہر وقت کھلے ہوئے ہیں۔#