کوہاٹ (مانند نیوز ) ڈپٹی کمشنر کوہاٹ عبدالاکرم نے تمام سرکاری محکموں کے سربراہان کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پروگرام ”عوامی ایجنڈا“ پر من وعن عملدرآمد یقینی بنائیں اور ہر محکمہ اپنا کام مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر اندر یقینی بنائے۔یہ ہدایات انہوں اپنے دفتر میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پروگرام ”عوامی ایجنڈا“پر عملدرآمد سے متعلق منعقدہ ایک اہم اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔عوامی ایجنڈا پروگرام کے اہم نکات میں سرکاری دفاتر کے اوقات کار کی پابندی اور سربراہان سمیت عملے کی دفاتر میں موجودگی، عام لوگوں کیلئے دفاتر میں اوپن ڈور پالیسی، کھلی کچہریوں کا انعقاد، خالی آسامیوں پر فوری تعیناتیاں اور ترقیاں، شہری اور دیہی علاقوں میں صفائی کی صورتحال کی بہتری، تفویض شدہ کام کی بروقت تکمیل، 14۔اے مقدمات، غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز، عطائی ڈاکٹروں اور جعلی ادویات کے خلاف ایکشن شامل ہیں۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر حامد اقبال اور اسسٹنٹ کمشنرز کے علاوہ تمام محکموں کے سربراہان نے شرکت کی۔اجلاس میں ہر محکمے کو اپنا ٹاسک ڈیڈ لائن کے ساتھ حوالہ کر کے عملدرآمد رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ مذکورہ پروگرام کی وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں اور انتظامی سیکرٹریز کو بھی اپنے متعلقہ محکموں کی مانیٹرنگ کا ٹاسک دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دستیاب وسائل کو پہلی فرصت میں استعمال میں لایا جائے اور درکار وسائل کیلئے انہیں جامع رپورٹ تیار کر کے دیں تاکہ اسے متعلقہ فورم پر حل کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی سطح پر وزیر اعلیٰ کے اس پروگرام کی مانیٹرنگ اور عملدرآمد کا کام متعلقہ اضلاع کے کمشنرز کو تفویض کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی ایجنڈا پروگرام پر کسی قسم کی کوتاہی یا تساہل ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی اور اپنا ٹاسک پورا نہ کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔