کرم (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر کرم جاوید اللہ محسود نے تمام سرکاری محکموں کے سربراہان کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے ”عوامی ایجنڈا“ پروگرام پر من وعن عملدرآمد یقینی بنائیں اور ہر محکمہ اپنا کام مقررہ ڈیڈ لائن کے اندر سر انجام دیں۔یہ ہدایات انہوں نے ضلعی کانفرنس روم میں منعقدہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پروگرام ”عوامی ایجنڈا“پر عملدرآمد سے متعلق منعقدہ اجلاس میں دیں۔اجلاس میں ضلع بھر کے تمام محکموں کے حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں ہر محکمہ کو اپنا ٹاسک ڈیڈ لائن کے ساتھ حوالہ کر کے عملدرآمدکی رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ مذکورہ پروگرام کی وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا خود مانیٹرنگ کر رہے ہیں اور انتظامی سیکرٹریز کو بھی اپنے متعلقہ محکموں کی مانیٹرنگ کا ٹاسک دے دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ دستیاب وسائل کو پہلی فرصت میں استعمال میں لایا جائے اور درکار وسائل کیلئے انہیں جامع رپورٹ تیار کر کے جمع کرے تاکہ اسے متعلقہ فورم پر حل کیا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلعی سطح پر وزیر اعلیٰ کے اس پروگرام کی مانیٹرنگ اور عملدرآمد کا کام متعلقہ اضلاع کے کمشنرز کو تفویض کر دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوامی ایجنڈا پروگرام پر کسی قسم کی کوتاہی ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی اور اپنا ٹاسک پورا نہ کرنے والوں کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔