ملاکنڈ (مانند نیوز)ڈپٹی کمشنر ملاکنڈ / کمانڈنٹ ملاکنڈ لیویز فورس شاہد علی خان نے تمام مکاتب فکر کے لوگوں سے کہا ہے کہ مون سون شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ ضلع ملاکنڈ کو ایک سرسبز و شاداب اور ماحولیاتی آلودگی سے پاک و صاف ضلع بنائیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے 77 واں یوم آزادی کے موقع پرسوات موٹر وے پل چوکی کے قریب مون سون شجر کاری مہم کے افتتاح کے موقع پر لوگوں سے باتیں کرتے ہوئے کیا۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ وہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے تناظر،سیلاب کے خطرات اور دیگر عوامل کو مدنظر رکھ کر شجرکاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور زیادہ سے زیادہ پودے لگا کر اپنی انے والی نسلوں کو آلودگی سے پاک سر سبز و شاداب اور صحت مند ماحول فراہم کریں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس شجر کاری مہم میں ضلع ملاکنڈ میں ایک لاکھ 70 ہزار پودے لگائیں جائینگے۔شاہد علی نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں سے رونما ہونے والے اثرات سے موثر طور پر نمٹنے کیلئے شجرکاری مہم انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور اس کو کامیاب بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ،محکمہ جنگلات اور دیگر متعلقہ تمام ادارے اپنا کلیدی کردار ادا کریں۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع کے سیاحتی مقامات،تمام تعلیمی اداروں،میدانی علاقوں اور پہاڑوں پر پودے لگائے جائیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر نے پودا لگا کر مون سون شجرکاری مہم کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل محب اللہ خان،سرکاری و نجی تعلیمی اداروں کے بچوں،سول ڈیفنس کے اہلکاروں اورمختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے باری باری پودے لگائیں۔