پشاور (مانند نیوز)وزیر صحت سید قاسم علی شاہ نے یوم پاکستان کے موقع پر صوبے کے عوام کو صحت کا بہترین تحفہ دینے کیلئے مولوی جی ہسپتال پشاور اور ڈی ایچ کیو ہسپتال مردان میں پاکستان کے پہلے 24/7 ویکسین ہاوس کا افتتاح کردیا۔ اس موقع پر ایم ایس مولوی جی ہسپتال ڈاکٹر اکرم شاہ، ڈی ایچ او پشاور ڈاکٹر ادریس اور یونیسیف اہلکاروں سمیت دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ مردان میں ویکسین ہاوس کے افتتاح کے موقع پر مردان کے ایم پی ایز اور ایم ایس ڈی ایچ کیو ہسپتال ڈاکٹر جاوید کے ہمراہ وزیر صحت نے یوم پاکستان کا کیک کاٹا اور ویکسین ہاوس کا افتتاح کیا۔ ویکسین ہاوس کے افتتاح کے موقع پر پشاور میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ سنٹرز ہفتے کے سات دن چوبیس گھنٹے کھُلے رہیں گے۔ویکسین ہاوس میں چار کاونٹرز ہیں جو کہ دن رات فعال ہونگے جس میں ٹیٹنس اور ڈیپتھیریا سے بچاؤ کیلئے حاملہ خواتین کے ٹیکوں کیلئے علیحدہ کاؤنٹر بنایا گیا جبکہ روٹین امیونائزیشن کیلئے الگ اور نوزائدہ بچوں کیلئے برتھ ڈوز انیشیٹیو کے تحت علیحدہ کاؤنٹر بنائے گئے ہیں۔انہوں نے مزید بتایا کہ بیرون ملک سفر کرنے والے مسافروں کی سہولت کیلئے بھی 24 گھنٹے فعال کاونٹر بنایا گیا ہے۔حج و عمرہ سمیت بیرون ملک جانے والے مسافر کسی بھی دن کسی بھی وقت کورونا اور پولیو کے ویکسین لگواکر اپنا کارڈ حاصل کرسکتے ہیں۔ صوبے کے تمام اضلاع میں ڈی ایچ کیو ہسپتالوں میں یہ 24 گھنٹے فعال ویکسین ہاوسز بنائے جائینگے۔ان کے مطابق ان ویکسین ہاؤسز سے روٹین امیونائزیشن میں کافی بہتری آئیگی اور وباؤں کے کنٹرول میں مدد ملے گی۔اب عوام اپنے بچوں کو 24/7 ویکسینیٹ کراواسکتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر صحت نے بتایا کہ جب چارج سنبھالا تو 13 اضلاع میں پولیو کے نمونے مثبت آرہے تھے آج الحمد اللہ صرف تین ا ضلاع رہ گئے ہیں وہ بھی جلد مثبت پر چلے جائینگے۔ہم نے ڈینگی کو تاریخ کی کم ترین سطح تک محدود کیا ہے جس کا مطلب ہے کہ محکمہ صحت کام کررہا ہے۔ ڈینگی سے بچنے کی احتیاطی تدابیر اپنائیں ہم سب نے ملکر ڈینگی کو شکست دینا ہے